ہندوستان عالمی معیشت میں امید کی کرن ، کرناٹک میں کسان ریلی سے خطاب
بلگاوی (کرناٹک) ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اگر عالمی معیشت میں کوئی امید کی کرن ہے تو وہ ہندوستان ہے، جس کے ساتھ انھوں نے ادعا کیا کہ اُن کی حکومت غریبوں کی زندگیوں اور دیہاتوں کی حالت کو بدلنے کے تئیں پابند عہد ہے۔ یہاں کسانوں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کئی مسائل کی بات کرتی ہے لیکن جب سے وہ ’’پردھان سیوک‘‘ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، اُن کی حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام عائد نہیں ہوا ہے۔ مودی نے بی جے پی کی کسانوں تک ملک گیر رسائی کے حصہ کے طور پر منظم کردہ بڑی ریلی میں کہا کہ آج یہ اتفاق پایا جاتا ہے کہ اگر عالمی معیشت میں امید کی کوئی کرن ہے تو وہ ہندوستان ہے۔ انھوں نے ہندوستان ’’امید کی کرن‘‘ ہونے سے متعلق اپنے نکتہ پر زور دینے کیلئے مختلف ایجنسیوں اور بین الاقوامی اداروں جیسے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کی پیش کردہ ریٹنگس کا حوالہ دیا۔ مودی نے کہا کہ چاہے ورلڈ بینک ہو یا آئی ایم ایف یا دنیا کی کوئی ریٹنگ ایجنسی ، سب کی یک آواز ہے کہ اگر کوئی ملک ہے جہاں امید کی کرن موجود ہے تو وہ امید کی کرن ہندوستان ہے۔ کرپشن کے بارے میں مودی نے کہا کہ جب اُن کی حکومت نے جائزہ حاصل کیا تو قوم کرپشن سے بدحال تھی۔ ’’زائد از 18 ماہ گزر چکے کہ میں نے پردھان سیوک کے طور پر آپ کی خدمت کی ہے۔ اپوزیشن کئی مسائل کو اجاگر کرتی ہے لیکن کرپشن کا کوئی الزام عائد نہیں ہوا ہے۔‘‘