پہلی قسط کے پانچ لاکھ روپئے جاری ، جناب سید عمر جلیل کی نمائندگی پر محکمہ فینانس کی منظوری
حیدرآباد۔ یکم جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلباء کو بیرون ملک یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالر شپ سے متعلق چیف منسٹر اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے منتخب امیدواروں کو پہلی قسط کی اجرائی کا آغاز ہوچکا ہے۔ منتخب طلباء کے اکاؤنٹ میں پہلی قسط کے طور پر 5لاکھ روپئے کی رقم جاری کردی گئی۔ اسکیم کے منتخب طلباء کو پہلی قسط کی اجرائی میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی کاوشوں کا اہم رول ہے جنہوں نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے اسکالر شپ کی رقم جاری کرنے کیلئے نہ صرف بارہا نمائندگی کی بلکہ چیف منسٹر کو اقلیتی امیدواروں میں پھیلی بے چینی سے واقف کرایا۔ سید عمر جلیل کی کامیاب مساعی پر آخر کار فینانس ڈپارٹمنٹ نے رقم کی اجرائی کا آغاز کردیا ہے۔ بعض طلباء کے سرپرستوں نے آج روز نامہ ’سیاست‘ پہنچ کر پہلی قسط کی اجرائی سے واقف کرایا۔ انہوں نے طویل انتظار کے بعد پہلی قسط جاری کئے جانے پر حکومت تلنگانہ اور اجرائی کیلئے نمائندگی اور مساعی پر روز نامہ ’سیاست‘ اور سکریٹری اقلیتی بہبود سے اظہار تشکر کیا۔ اولیائے طلباء نے ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں اور منیجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں سے ملاقات کی اور اقلیتی تعلیمی و معاشی اسکیمات کے سلسلہ میں روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے رہنمائی اور تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کی منظوری کے بعد انہیں پہلی قسط کی اجرائی کا بے چینی سے انتظار تھا کیونکہ ان کے بچوں نے بیرونی یونیورسٹیز میں داخلہ حاصل کرلیا ہے اور تعلیم کا بھی آغاز ہوگیا۔ یونیورسٹی کی فیس اور دیگر اخراجات کی تکمیل انہوں نے قرض حاصل کرتے ہوئے کی ہے اور پہلی قسط کی اجرائی سے وہ قرض کے بوجھ سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسکیم کے پہلے مرحلہ میں 210طلباء کو منتخب کیا گیا اور محکمہ اقلیتی بہبود نے 180 طلباء کی درخواستوں کو اسکالر شپ کی اجرائی کیلئے ٹریژری کو روانہ کیا تھا۔ ٹریژری کے حکام نے سرکاری ملازمین کو ڈسمبر کی تنخواہ کی اجرائی کا بہانہ کرتے ہوئے پہلی قسط کی اجرائی کو روک دیا تھا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے چیف منسٹر اور محکمہ فینانس کو رپورٹ پیش کی کہ پہلی قسط کی اجرائی کیلئے 11کروڑ 50لاکھ روپئے کی ضرورت ہے جبکہ آٹو رکشا اسکیم کیلئے 7.5کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ اگر 20کروڑ روپئے جاری کئے جائیں تو دونوں اہم اسکیمات پر عمل آوری ہوپائے گی۔ انہوں نے منظورہ درخواست گذاروں میں اسکالرشپ کی عدم اجرائی سے پائی جانے والی بے چینی سے بھی حکومت کو واقف کرایا۔ سید عمر جلیل نے پہلی قسط کی اجرائی کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ تمام منتخب امیدواروں کو اندرون ایک ہفتہ پہلی قسط کی رقم حاصل ہوجائے۔ بتایا جاتا ہے کہ امیدواروں کو فضائی کرایہ کی رقم بعد میں جاری کی جائے گی۔