چیف منسٹر کے اجلاس میں 12 فیصد مسلم تحفظات پر اویسی برادران کی خاموشی باعث تشویش ، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے اجلاس میں 12 فیصد مسلم تحفظات پر اویسی برادران کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقلیتی بجٹ کی اجرائی پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اقلیتوں کے لیے سب پلان بنانے پر زور دیا ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں سے مسلسل نا انصافیاں ہورہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اویسی برادران کے ساتھ اقلیتی بہبود پر اجلاس طلب کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور نا انصافیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے ۔ سال 2014-15 میں 1030 کروڑ کا اقلیتی بجٹ اسمبلی میں منظور کیا گیا تاہم صرف 438.27 کروڑ روپئے جاری کیے گئے ۔ سال 2015-16 کے لیے 1100 کروڑ کا اقلیتی بجٹ منظور کیا گیا ۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ابھی تک 50 فیصد اقلیتی بجٹ بھی جاری نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقلیتوں کو ہتھیلی میں جنت دکھا رہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی مذمت کرتی ہے اور اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اس کو موضوع بحث بنائے گی ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اقلیتوں کے ساتھ مسلسل دو سال سے ہورہی نا انصافی پر مجلس کی خاموشی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مسلمانوں کی نمائندہ جماعت ہونے کا دعویٰ کرنے والی مجلس کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ ایسا لگتا ہے مجلس کے قائدین سمجھوتے کرتے ہوئے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ مسلمانوں کے مسائل سے چیف منسٹر کو سمجھانے کے بجائے چیف منسٹر جو سمجھا رہے ہیں وہ سمجھ کر مطمئن ہورہے ہیں ۔ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ اتوار کو منعقدہ اجلاس میں دونوں بھائیوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات پر چیف منسٹر تلنگانہ سے کوئی استفسار نہیں کیا اور نہ ہی آلیر انکاونٹر کی تحقیقات پر کوئی وضاحت طلب کی جب کہ ایس آئی ٹی تشکیل دے کر 10 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت رمضان کے موقع پر کپڑے تقسیم کرتے ہوئے افطار کراتے ہوئے اس کو مسلمانوں کی ترقی اور بہبود سمجھ رہی ہے ۔ مسلمانوں میں شعور بیدار ہوچکا ہے اور وہ وقت آنے پر حکومت اور مجلس دونوں کو سبق سکھائیں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے مسلسل دو سال سے اقلیتوں پر کتنا بجٹ خرچ کیا گیا اس پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور ساتھ ہی جو بجٹ خرچ نہیں ہوا ہے اس کو نئے بجٹ میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کے لیے سب پلان تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ۔۔