ممبئی ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ہندوستان کی آزادی اور نئے ملک پاکستان کی تشکیل جو 1947 کا المیہ ہی کہا جاسکتا ہے ۔ اس پس منظر میں بنی مسلم سوشیل فلم ’’ گرم ہوا ‘‘ جسے ایم ایس ستھیو نے ڈائرکٹ کیا تھا ، ایکبار پھر سنیما ہالس کی زینت بن رہی ہے ۔ 1974 ء میں تیار کی گئی اس فلم کو پہلے پہل سنسر بورڈ نے پاس کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی مداخلت کے بعد فلم ریلیز کی گئی تھی ۔ سنسر بورڈ کے علاوہ ملک کی کئی تنظیموں کو اندیشہ تھا کہ فلم کی ریلیز کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا اور فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈس بنائے تھے ۔ فلم میں مرکزی کردار آنجہانی بلراج ساہنی نے ادا کیا تھا ۔ ان کے علاوہ فلم میں اے کے ہنگل ، گیتا سدھارتھ اور جلال آغا کے بھی اہم رول تھے ۔ گرم ہوا سے مرحوم فاروق شیخ نے بھی اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا تھا ۔ ممبئی میں فلم کا خصوصی شو رکھا گیا تھا جس میں ہیمامالنی ، ایشادیول ، دیویادت اور دیگر کئی فلمی شخصیتوں نے شرکت کی ۔۔