’ اسمارٹ ولیج / اسمارٹ منڈل ‘ میں حصہ داری نبھائیں

صنعتکاروں و کارپوریٹ عہدیداروں سے چندرا بابو نائیڈو کی اپیل
حیدرآباد 23 فبروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کے پروگرام ’’ اسمارٹ ولیج / اسمارٹ منڈل ‘‘ میں حصہ داری نبھائیں۔ صحت ‘ تعلیم ‘ بائیوٹکنالوجی ‘ فارما ‘ فینانس ‘ سینیٹیشن ‘ ٹکنالوجی و دیگر شعبہ جات کے صنعتی و کارپوریٹ عہدیداروں کے ستھ ایک اجلاس میں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ اپنی اپنی کمپنی کی مہارتوں کے اعتبار سے انہیں اس شعبہ میں ریاستی حکومت کی مدد کرنی چاہئے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ یہ کمپنیاں یا تو گاؤں میں ایسا کرسکتی ہیں یا پھر ایک شعبہ یا علاقہ منتخب کرکے وہاں کام کرسکتی ہیں۔ صنعتکاروں کی رائے حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تجویز کیا کہ صنعتی اداروں جیسے سی آئی آئی ‘ فکی اور فیپسی کو مقامی سطح پر عوام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے اور ایسے تاجروں کو اس عمل کا حصہ بنانا چاہئے جو عوام میں جذبہ پیدا کرتے ہوئے ایسی تخلیقات کو پیش کرسکیں جو آسان ہوں اور جنہیں اختیار کرنا سہل ہو۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ صنعتکار اور کارپوریٹس مقامی کمیٹیوں کے ساتھ ولیج و منڈل کی سطح پر کام کرسکتے ہیں ۔ نائیڈو نے کہا کہ یہ ادارے ریاستی حکومت کی ترقی کے شریک ہیں۔ انہوں نے صنعتکاروں اور کارپوریٹس سے کہا کہ وہ مقامی تاجروں کی حوصلہ افزائی اور نگرانی کرتے ہوئے سوشیل تجارت و کاروبار کی حوصلہ افزائی کریں۔