ممبئی۔/21مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سدابہار ہیرو آنجہانی دیو آنند کے بیٹے سنیل آنند نے کہا کہ آج بھی انہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ پاپا اس دنیا میں نہیں۔ وہ اپنی بہن دیوینا کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے تھے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا دیو آنند کی آخری کی کچھ فلمیں واقعتاً باکس آفس پر فلاپ ہوئیں تو انہوں نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا پاپا کے ساتھ ان کی زندگی کے آخری دور میں کافی ناانصافیاں کی گئیں۔ فینانسرس انہیں سرمایہ فراہم نہیں کرتے تھے لیکن پاپا بھی یکے بعد دیگرے فلاپ فلموں کے باوجود کبھی ہار نہیں مانتے تھے اور ایک فلم کے فلاپ ہوجانے کے بعد دوسری فلم کا اعلان کردیتے تھے۔ انہوں نے بالی ووڈ میں کئی اداکاروں اور اداکاراؤں کو متعارف کروایا ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ’’ گائیڈ ‘‘ کا ری میک ہونا چاہیئے، جس کا جواب دیتے ہوئے سنیل آنند نے کہاکہ ’ گائیڈ‘ ایک کلاسک فلم تھی جسے جوں کا توں رہنا چاہیئے۔ آج کا کوئی بھی ڈائرکٹر اور ایکٹر ’ گائیڈ‘ کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاپا کی ایک نامکمل فلم’’ کہیں اور چل‘‘ اگر مکمل ہوجائے تو بہتر ہوگا جس میں سادھنا اُن کی ہیروئن تھیں۔ یاد رہے کہ سنیل آنند نے بھی اپنے پاپا دیو آنند کے ساتھ فلم’’ آنند اور آنند‘‘ میں کام کیا تھا جس میں دیو آنند نے پہلی بار بالی ووڈ کے 60ء اور 70ء کے دہے کے کامیاب ہیرو بسواجیت کو بطور ویلن پیش کیا تھا لیکن فلم باکس آفس پر فلاپ ہوگئی تھی۔ سنیل آنند نے ’’ کار تھیف‘‘ نامی ایک اور فلم میں بھی کام کیا تھا جسے اوسط کامیابی ملی تھی۔