’’ خدا ہی ملک کو مودی ماڈل سے بچائے ‘‘: سونیا

برنالہ ۔ /26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بی جے پی کی طرف سے غیر معمولی تشہیر کئے جانے والے ’’ گجرات ماڈل‘‘ کو دراصل ، مودی ماڈل قرار دیا اور کہا کہ اس نمونہ سے گجرات میں عام آدمی بری طرح متاثر ہوا ہے اور خدا ہی ملک کو ’’ مودی نمونہ‘‘ سے بچائے ۔ سونیا گاندھی نے پنجاب کے مالوا علاقہ میں کانگریس کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ بی جے پی کے اصل مہم جو گجرات ماڈل کے نام پر نریندر مودی ماڈل کی تشہیر کررہے ہیں اور مودی کا نمونہ پیش کررہے ہیں ۔ اس نمونہ کے تحت گجرات میں کیا ہور ہا ہے۔ گزشتہ 50 سال سے اس ریاست میں رہنے والے سکھوں کو اب ریاست چھو ڑ کر چلے جانے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ‘ سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’ خدا ہی ملک کو مودی ماڈل سے بچائے ‘‘ بی جے پی سے اتحاد کرنے والی اکالی دل کو بھی سونیا گاندھی نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اکالی دل گجرات میں سکھوں کو درپیش یہ مسئلہ نہیں اٹھارہی ہے ۔