’’ آسرا ‘‘ اسکیم کے اعداد و شمار میں تضاد

غریب افراد کو کسی طرح کا فائدہ نہیں ہو رہا ہے : بی جے پی
حیدرآباد /19 نومبر ( سیاست نیوز ) بی جے پی مقننہ پارٹی نے آسرا اسکیم کے تعلق سے ایوان کو گمراہ کرنے اور غلط اعداد و شمار پیش کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آسرا اسکیم کے سلسلہ میں جو اعداد شمار پیش کئے وہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کے پیشکردہ اعداد و شمار سے مختلف ہیں ۔ خود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آسرا اسکیم کے تعلق سے 1.37 لاکھ کے اعداد و شمار پیش کئے اور وزیر پنچایت راج و آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ کے پیشکردہ اعداد و شمار میں 472,438 لاکھ کے اعداد و شمار پائے جاتے ہیں ۔ آج یہاں اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جی کشن ریڈی رکن اسمبلی و صدر بی جے پی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ آسرا اسکیم کے تحت غریب و بے سہارا افراد کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا ہے ۔ لہذا انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندوں کو مکمل انصاف حاصل ہونے تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے شہر حیدراباد میں اے کے 47 کے ذریعہ عوام کو دھمکانے اور رقومات حاصل کرنے کے پیش آئے واقعہ پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور شہر حیدرآباد کے قلب میں واقع کے برہما نند ریڈی پارک کے پاس آج پیش آئے واقعہ کی سخت مذمت کی اور خاطی افراد کی نشاندہی کے ذریعہ فی الفور سخت کارروائی کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔

بلدی سرکل 5 کے عوام کو اطلاع
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : ریونیو وارڈ سرکل 5 جی ایچ ایم سی کے عوام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ سماجی و معاشی مردم شماری 2011 پر مبنی مسودہ 17 نومبر سے متعلقہ سنیٹری سپروائزر ، وارڈ آفیسیس اور سرکل آفس سردار محل میں رکھا گیا ہے ۔ مقامی عوام رجوع ہو کر تنقیح کرلیں اور اگر کوئی غلطی ہو تو اسے مقررہ طریقہ کار کے مطابق 16 دسمبر سے قبل درست کرالیں ۔ 7 جنوری 2015 کو اعتراضات کی یکسوئی کرتے ہوئے قطعی فہرست کی اشاعت عمل میں آئے گی ۔۔