’’کرن کمار ریڈی بہت جلد چنچل گوڑہ جیل میں ہوں گے‘‘ : شنکر راؤ

حیدرآباد۔10فبروری ( این ایس ایس ) کانگریس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر ڈاکٹر پی شنکر راؤ نے آج چیف منسٹر کرن کمار ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں اور آزادانہ طور پر بیان بازی کا سلسلہ جاری رکھے ۔ ڈاکٹر شنکر راؤ نے اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں جیسے ہی تلنگانہ بل منظور ہوجائے گا کرن کمار ریڈی چند ہی منٹوں میں ازخود اپنے عہدہ سے محروم ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کرن کمارر یڈی کو چیالنج کیا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری سے قبل مستعفی ہوکر دکھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی بہت جلد چنچل گوڑہ جیل میں ہوں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرن کمار ریڈی نے علی الحساب بجٹ کی پیشکشی کے موقع پر ایک بار پھر اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ۔