’’کارنامے دھرے رہ گئے اور خوابوں کے سوداگر آگے بڑھ گئے‘‘

نئی دہلی۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین تحفظات بل کی منظوری پر دباؤ ڈالتے ہوئے صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا کہ ان کی حکومت جلد از جلد اس بل کی منظوری کے لئے این ڈی اے حکومت پر ’’مکمل دباؤ‘‘ برقرار رکھے گی۔ مہیلا کانگریس کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نریندر مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ یو پی اے حکومت کے پروگراموں اور اسکیموں کی نقل کررہی ہے، حالانکہ انہیں اسکیموں اور پروگراموں پر ماضی میں اس نے تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ ہم نے بہت کچھ کیا، اس کے باوجود عوام پھندے میں پھنس گئے، ہمارے کارنامے بالائے طاق رکھ دیئے گئے اور ’’خوابوں کے سوداگر‘‘ آگے بڑھ گئے۔ سونیا گاندھی نے انتخابی ناکامی میں پارٹی کارکنوں کے اتنے بڑے اجتماع سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کا 70 واں یوم پیدائش ہے۔ صدر کانگریس نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ان کی اولین ترجیحات میں سے ایک تھا۔ جب سے وہ پارٹی کے جنرل سکریٹری بنے تھے، اس کیلئے جدوجہد کررہے تھے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ کوئی بھی ملک اپنی آبادی کے نصف حصہ کو نظرانداز کرکے ترقی نہیں کرسکتا۔ خواتین کی بااختیاری کیلئے راجیو گاندھی کے اقدامات بشمول ان کیلئے پنچایتوں میں تحفظات، قومی خواتین کمیشن کی تشکیل کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر کانگریس نے کہا کہ آنجہانی وزیراعظم یہ چاہتے تھے کہ خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں نمائندگی حاصل ہو، تاہم انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے بھی راجیو گاندھی کی موت کے بعد اس مہم کو آگے نہیں بڑھایا۔ بدبختی سے لوک سبھا میں یہ بل منظور نہیں ہوسکا کیونکہ بعض سیاسی پارٹیوں نے رکاوٹیں پیدا کی تھیں۔ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت 2004ء میں برسراقتدار آنے کے بعد سے اس مسئلہ پر توجہ دے رہی ہے اور اس نے راجیہ سبھا میں یہ بل منظور کروایا تھا۔ آج کانگریس ، اپوزیشن میں ہے لیکن وہ خواتین کو تحفظات فراہم کرنے کے وعدے سے انحراف نہیں کرے گی اور این ڈی اے حکومت پر اس بل کی جلد از جلد منظوری کیلئے دباؤ برقرار رکھے گی۔ خواتین تحفظات بل کا 18 سالہ سفر ڈرامائی اور رکاوٹوں سے بھرپور رہنے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے اس کی عاجلانہ منظوری پر زور دیا۔