میدک 19 جنوری ( این ایس ایس ) فلمی اداکارہ سے سیاستداں بننے والی میدک کی رکن لوک سبھا وجئے شانتی نے آج یہاں انتہائی سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’چند افراد‘ میری موت کا بے چینی کا انتظار کررہے ہیں۔ میدک میں ریلوے اسٹیشن پر رسم سنگ بنیاد کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ وہ گذشتہ 10 سال سے تلنگانہ کاز کیلئے لڑ رہی ہیں اور چند افراد انہیں بے رحمانہ اور ظالمانہ منصوبوں کے ذریعہ سب سے الگ تھلگ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اس ریمارک کے ذریعہ بالواسطہ طور پر یہ الزام عائد کیا کہ اُن کی پیٹھ میں خنجر بھونک رہی ہے۔
انہوں نے ایسے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ اُن (وجئے شانتی ) کے خلاف سازشں بند کریں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مخلصانہ خدمات کریں۔ وجئے شانتی نے کہا کہ سیاست کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی بلکہ عوام کے دل جیتنا اہم ہوتا ہے ۔ وجئے شانتی نے یاد دلایا کہ وہ حکمراں جماعت نہیں ہیں بلکہ اپوزیشن سے وابستہ ہیں۔ ایک مرحلہ پر وہ غیر معمولی طور پر جذبات سے مغلوب ہوگئی اور کہا کہ اب تو نہ وہ حکمراں جماعت ہیں اور نہ اپوزیشن میں بلکہ یکا و تنہا ہوگئی ہیں۔