ممبئی۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی وڈ کے حقیقی ’’ ہی مین‘‘ دھرمیندر سے ہوئی ایک حالیہ ملاقات میں جب ان سے ان کی ابتدائی پسندیدہ فلموں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سب سے پہلے آنجہانی او پی رلہن کی ہدایت میں بنائی گئی 1964ء کی فلم’’ پھول اور پتھر‘‘ کا تذکرہ کیا جس میں ان کے ساتھ میناکماری ‘ ششی کلا ‘ مدن پوری ‘ جیون ‘ للیتا پوار اور خود او پی رلہن نے کام کیا تھا ۔ دھرمیندر نے کہا کہ اس سے قبل وہ ہلکی پھلکی کہانیوں والی بلیک اینڈ وائیٹ فلموں کے ہیرو کہلاتے تھے جیسے پورنیما‘ چاند اور سورج ‘ ان پڑھ ‘ میرا قصور کیا ہے ‘ پوجا کے پھول اور دیور وغیرہ ‘ لیکن پھول اور پتھر جب ریلیز ہوئی تو انہیں ایسا معلوم ہوا کہ جیسے کوئی نہر اچانک بھاکڑاننگل ڈیم میں تبدیل ہوگئی ہو کیونکہ پھول اور پتھر نے انہیں ان کے کریئر میں جو تیز رفتاری عطا کی اسے وہ کسی ڈیم کے تیز رفتار پانی سے ہی تعبیر کرسکتے ہیں ۔ دھرمیندر نے کہا کہ اس فلم کو ہندوستان کے علاوہ دنیا کے ان تمام شہروں میں جہاں ہندی فلمیں دیکھی جاتی ہیں ‘ کافی سراہا گیا ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا مبالغہ آرائی نہیں ہوگی کہ پھول اور پتھر 60ء کے دہے کی ’’ شعلے‘‘ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج جب گزرے ہوئے زمانے پر نظر ڈالتا ہوں تو عجیب لگتا ہے ۔ آج میرے بیٹے فلموں میں ہیں ‘ ایک بیٹی کا کریئر بھی خوب چلا اور اب تو میرا پوتا کرن دیول بھی بالی ووڈ میں داخلے کا منتظر ہے ۔ دعا کیجئے کہ اسے بھی اپنے دادا کی طرح کامیابی ملے۔