’’صدارتی انتخاب لڑنے پر اپنا طبی ریکارڈ جاری کروں گی‘‘

واشنگٹن۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلاری روڈھم کلنٹن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ اگر انہوں نے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تو وہ اپنا طبی ریکارڈ بالکل اُسی طرح جاری کریں گی جیسا کہ ماضی کے صدارتی امیدواروں نے جاری کیا ۔ اے بی سی کو ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ بالکل وہی کریں گی جو ماضی میں دیگر صدارتی امیدواروں نے کیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ڈسمبر 2012ء میںیوروپ کے دورہ سے واپسی کے بعد ہیلاری کلنٹن کو پیٹ میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کے جسم میں پانی کی مقدار بھی کم ہوگئی تھی ۔

یہاں تک کہ جب وہ گھر پہنچیں تو اچانک توازن کھوکر گرپڑی تھیں اور بے ہوش ہوگئی تھیں ۔ ڈاکٹرس نے جب ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ خون کہیں کہیں پر منجمد ہوکر چھوٹے لوتھڑوں میں تبدیل ہورہا ہے اور خصوصی طور پر دماغ تک خون پہنچانے والی رگ میں خون منجمد ہورہا تھا جس کے بعد انہیں نیویارک کے پریسبائیٹرین ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ امریکہ میں ایسے صدارتی امیدواروں کو اپنی صحت سے متعلق پوری تفصیلات جاری کرنی پڑتی ہے جن کے بارے میں یہ یقین ہوجائے کہ وہ انتخابات جیتنے والے ہیں۔