اخبار عوام تک نہیں پہنچ سکا‘ نام نہاد قیادت کے اوسان خطا
حیدرآباد۔28اپریل( سیاست نیوز) حق کی آواز کو دبانے اور عوام تک پہنچانے سے روکنے کی سازشیں شدت اختیار کرتی جارہی ہیں ۔ عوامی برہمی اور مخالفت کو دیکھ کر مایوسی کا شکار نام نہاد قیادت نے مختلف علاقوں میں ہاکرس کو دھمکانا شروع کردیا ہے تاکہ اخبار عوام تک نہ پہنچ سکے ۔ انہوں نے ہاکرس کو دھمکیاں دیں اور پھر 20روپئے فی اخبار کے عوض’’سیاست‘‘ کی ساری کاپیاں خرید لیں اور اسے اپنے پاس ذخیرہ کرلیا ۔ قارئین کے مطابق اخبار سیاست کی حق بیانی اور حق گوئی سے خائف افراد ہی شرپسند عناصر کی مدد سے ایسی اُوچھی حرکت کرسکتے ہیں ۔ حلقہ نامپلی میں آج سیاست کے قارئین تک اخبار نہیں پہنچا اور مقامی نامپلی کے عوام کا کہنا ہے کہ وہ فیروز خان کے مراد نگر کے جلسہ کی سیاست میں شائع خبر کا مطالعہ کرنا چاہتے تھے ۔ شرپسند عناصر جو فیروز خان اور فرحت خان کے کامیاب جلسوں سے چراغ پا ہیں ‘اخبار کو عوام تک پہنچنے نہیں دیا ۔ سیاست انتظامیہ نے اس بات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تمام تر احتیاطی تدابیر اور اقدامات کئے ہیں ۔ قارئین سیاست کو اس بات کا بھروسہ دلایا ہے کہ اخبار انشاء اللہ کسی رکاوٹ اور سازش کے بغیر عوام تک بہ آسانی پہنچایا جائے گا ۔ عوام اپنے ہاکرس سے اخبار کو بہ آسانی حاصل کرسکتے ہیں ۔ سیاست انتظامیہ نے اپنے قارئین کو اس بات کی طمانیت دی کہ انعامی مقابلہ قرعہ اندازی میں حصہ لینے والے قارئین کو 28اپریل کا کوپن نہ ہونے پر بھی قرعہ اندازی کیلئے اہل قرار دیا جائے گا اور وہ 28اپریل کے کوپن کے بغیر قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ مخالفین اور شرپسند عناصر کی ان اُوچھی حرکتوں سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا اور نہ ہی حق کی آواز کو روکا جاسکتا ہے ۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی ہاکرس کو ہراساں کرنے اور زائد قیمت پر زبردستی اخبار کو خریدنے کی سازش کی جارہی ہے جس کی سختی سے مذمت کی جارہی ہے ۔