’’سبسڈی یافتہ سلنڈرس کی تعداد میں اضافہ کی تجویز نہیں ‘‘: موئیلی

کوچی۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پٹرولیم ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ سبسڈی یافتہ گھریلو پکوان گیاس (ایل پی جی) سلنڈرس کی موجودہ تعداد 9 کو 12 تک بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ کے ہاتھوں یہاں پتھی وائپے کے قریب ایل این جی پیٹرو نیٹ ٹرمینل کے رسمی افتتاح کے بعد مسٹر موئیلی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے پاس ایسی کوئی تجویز نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’سالانہ 9 سبسڈی یافتہ سلنڈرس کا 90 فیصد صارفین تک احاطہ کیا گیا ہے اور صرف 10 فیصد صارفین سبسڈی سے محروم ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی حکومت کے موقف کی ستائش کریں گے۔ وزیر فینانس پی چدمبرم نے جمعرات کو کہا تھا کہ سبسڈی یافتہ ایل پی جی سلنڈرس کے موجودہ سالانہ کوٹہ کو 12 تک بڑھانے کے مطالبہ پر حکومت غور کرسکتی ہے۔

مظفر نگر فسادات کا متاثر شخص ریلیف کیمپ میں فوت
مظفر نگر ۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع شاملی کے گاؤں باروانی میں واقع ایک خانگی ریلیف کیمپ میں مقیم فساد سے متاثر مزید ایک شخص فوت ہوگیا۔ گاؤں کے پرمکھ حافظ کوثر نے جو کیمپ کے آرگنائزر بھی ہیں، کہا کہ 48 سالہ ببلو بیمار ہوگیا تھا اور سردی کے سبب فوت ہوگیا۔ حافظ کوثر نے کہا کہ باروانی ریلیف کیمپ میں کم سے کم 250 افراد مقیم ہیں جو فسادات کے دوران جان بچانے کیلئے اپنے گھر چھوڑ کر فرار ہونے کے بعد یہاں پہونچے تھے۔ اس دوران حکومت اترپردیش نے فساد متاثرین کو سردی سے بچانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے تحت مدرسہ خانگی کیمپ سے 250 خاندانوں اور موضع سنجاک ریلیف کیمپ سے126 متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ مظفر نگر میں گزشتہ سال ستمبر کے دوران فرقہ وارانہ فسادات میں کم سے کم 60 افراد ہلاک اور دیگر 40,000 بے گھر ہوگئے تھے۔ ان میں تقریباً تمام مسلمان ہی ہیں۔