’’روس کے مفادات پر حملہ ہوا تو جواب دیں گے‘‘روس

ماسکو ، 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس یا اس کے مفادات پر حملہ ہوا تو ماسکو حکومت جواب دے گی۔ لاوروف نے آر ٹی ٹیلی ویژن سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ یوکرین کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں روسی زبان بولنے والے شہریوں کے ساتھ اتفاقِ رائے کے بغیر 25 مئی کیلئے طے شدہ صدارتی انتخابات کیئف کیلئے ’تباہ کْن‘ ہوں گے۔

لاوروف کا بیان مضحکہ خیز ، امریکہ
اس دوران امریکہ نے روسی وزیر خارجہ کے اس بیان پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا ہے جس میں انہوں نے یوکرین کے مشرقی علاقوں میں حکومتی کارروائیوں کیلئے امریکہ کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ لاوروف نے کہا تھا کہ یہ شو امریکی چلا رہے ہیں۔ اس پر امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ لاوروف نے بہت سے مضحکہ خیز دعوے کئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔