’’روزنامہ سیاست ‘‘ قوم کی سربلندی اور علمی وقار کو واپس لانے سرگرم

حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے اعلان کیا کہ روزنامہ سیاست کی خدمات کو تلنگانہ کی تمام یونیورسٹیز اور بڑے کالجس تک وسعت دی جائے گی ۔جناب زاہد علی خان آج یہاں عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخی آرٹس کالج کی عمارت میں ایک پروگرام سے مخاطب تھے ۔ طلبہ میں خود اعتمادی کو بحال کرنے اسپوکن انگلش اور پرسنالیٹی ڈیولپمنٹ کے سہ ماہی کورس کی اختتاحی تقریب میں جناب زاہد علی خان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ روزنامہ سیاست کے تعاون سے عثمانیہ یونیورسٹی میں سہ ماہی تربیتی پروگرام انٹیلکچول فورم اور ایکول ایرٹیونٹی سیل عثمانیہ یونیورسٹی کا اشتراک حاصل تھا ۔ پروگرام میں جناب زاہد علی خان کے علاوہ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست، پروفیسر اکبر علی خان ڈین کامرس کالج عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کونڈارام چیرمین تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ کمیٹی پروفیسر کے پرتاب ریڈی ، پروفیسر ٹی کرشنا راؤ ، پرنسپل آرٹس اینڈ سوشیل سائنس عثمانیہ یونیورسٹی ، پروفیسر انصاری ایچ او ڈی لنگویسٹک آرٹس کالج پروفیسر عبدالحمید ڈائرکٹر میناریٹی سیل عثمانیہ یونیورسٹی جناب افتخار حسین جناب حیدر علی و دیگر موجود تھے ۔ جناب زاہد علی خان نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ روزنامہ سیاست قوم کی سربلندی اور تعلیم میں کھویا ہوا اسکا وقار واپس دلانے کیلئے کوشش کر رہا ہے اور یہ سیاست کا اہم مقصد ہے ۔ انہوں نے سہ ماہی تربیتی کورس میں طلبہ کی دلچسپی اور جوش و خروش کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور یونیورسٹی کے ذمہ داروں کی خواہش پر اپنی خدمات کو وسعت دینے کا اعلان کیا اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ زبان کو سیکھنے کی دلچسپی کو جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ تین زبانیں آنا ضروری ہے مادری، علاقائی اور انگریزی۔ انہوں نے اردو سے ناواقف طلبہ کو اردو سیکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ چونکہ مذہبی مواد اردو میں محفوظ ہے اس وجہ سے اردو کافی اہمیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو خود مختار بنانے کیلئے زمانے کے تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے ۔ انگریزی بول چال شخصیت سازی کا ایک حصہ ہے اور سیاست نے اس کی ضرورت کو اہمیت دیتے ہوئے طلبہ کو ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ روزنامہ سیاست کی ویب سائیٹ بھی تینوں زبانوں میں جاری ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے یونیورسٹی کا مشاہدہ کرنے کے بعد یونیورسٹی کے ذمہ داروں کو ہاسٹل کی صفائی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا اور عثمانیہ یونیورسٹی کی تاریخی عمارت سے وابستہ اپنی یادیں تازہ کیں اور اپنے آبا و اجداد کے تعلیمی کارناموں اور عثمانیہ یونیورسٹی سے ان کی محبت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر کودنڈا رام نے طلبہ کو مفید مشورہ دیا اور ایسے فلاحی کاموں کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے روزنامہ سیاست کو مبارکباد پیش کی اور ایسی مزید خدمات کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کی خواہش کی ۔ اس تقریب کو پروفیسر اکبر علی خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل کوششوں سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی ترقی اور جاری تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ کئے بغیر ترقی کی منزلوں کو طئے کرنا مشکل ہوگا ۔ انہوں نے طلبہ کو احساس کمتری کو دور کرنے اور ہر میدان میں اپنی صلاحیت منوانے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر پروفیسر انصاری ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر نے مخاطب کیا ۔ پروگرام کی نظامت سید انس معروف ٹرینر نے چلائی ۔ قبل ازیں سہ ماہی تربیتی پروگرام سے استفادہ کرنے والے طلبہ سے سید انس نے تعارف کروایا اور طلبہ نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔ اس موقع پر سید انس کی ستائش کی گئی ۔ تلنگانہ میناریٹی اسکالرس اینڈ انٹلکچول فورم کے قائدین کی خدمات کو پروگرام میں شریک مہمانوں نے سراہا ۔ اس موقع پر کنوینر فہیم اللہ ، ڈی ویلداری کے علاوہ میناریٹی اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے قائد حافظ یعقوب پاشاہ اور دیگر موجود تھے ۔