’’مودی صاحب کو یقینا وہ سب کچھ ملنا چاہئے جو اُن کی قسمت میں ہے‘‘، میری ترجیح بابا صدیق اور پریہ دت: سلمان خان
احمدآباد 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان نے کل سنکرانتی تہوار کے موقع پر گجرات کے چیف منسٹر اور وزارت عظمیٰ کیلئے بی جے پی کے امیدوار نریندر مودی کے ساتھ لنچ کیا اور خوب پتنگ بازی کی۔ گجرات کی ترقی کے لئے اُنھوں نے مودی کی بھرپور ستائش تو کی لیکن مستقبل کے وزیراعظم کی حیثیت سے اعلانیہ طور پر اپنی پسند کے اظہار سے واضح طور پر گریز کیا اور کہاکہ کسی بہترین شخص کو ہی وزیراعظم بننا چاہئے۔
سلمان خان جو اپنی فلم ’’جئے ہو‘‘ کے پروموشن کیلئے احمدآباد آئے ہوئے تھے کہاکہ خدا کو ہی فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کے لئے کون بہترین شخص ہوگا اور بہتر شخص کو ہی وزیراعظم بننا چاہئے‘‘۔ سلمان خان جو گھاٹ سوڈیہ میں اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے، مکر سنکرانتی تہوار کے موقع پر منعقدہ پتنگ بازی کے فیسٹیول میں مودی کے ساتھ موجود تھے۔ سلمان خان جن کے ریمارکس سے بالعموم تنازعات پیدا ہوا کرتے ہیں اس مرتبہ اخباری نمائندوں کے مسلسل اصرار کے باوجود اُنھوں نے مودی کی تائید سے متعلق سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا اور اس مرتبہ کسی نئے تنازعہ سے بچ گئے۔ سلمان خان نے دانشمندی اور تجربہ کا غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں فلمی دنیا سے تعلق رکھتا ہوں۔
فلموں کے بارے میں واضح جوابات بھی دے سکتا ہوں۔ لیکن سیاست کے بارے میں میری معلومات محدود ہیں اور میں واضح جواب نہیں دے سکتا۔ اگر میں آپ کے سوالات کے جوابات دیتا چلا جاؤں تو یقینا تنازعات میں پھنس جاؤں گا‘‘۔ واضح رہے کہ اِس اداکار نے 26/11 دہشت گرد حملہ پر اپنے ریمارکس کے ذریعہ اُس وقت زبردست تنازعہ پیدا کردیا تھا جب کہا تھا کہ اِس واقعہ پر محض اس لئے غیرمعمولی توجہ مرکوز کی گئی ہے کہ اِس میں اہم شخصیات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
سلمان خان نے پاکستان کے ایک ٹی وی چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اِس مرتبہ بڑے افراد کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ یہ سب فائیو اسٹار ہوٹلس اور فائیو اسٹار لوگ تھے، وہ کافی ہراساں ہوگئے تھے۔ وہ اُٹھ کھڑے ہوئے اور تکالیف بیان کرنے لگے۔ میرا سوال ہے کہ ایسا پہلے کیوں نہیں ہوا تھا۔ کئی ٹرینوں اور چھوٹے ٹاؤنس میں ایسے حملے ہوچکے تھے لیکن کسی نے بھی اِس حد تک زیادہ بات چیت نہیں کی تھی‘‘۔ اداکار سلمان خان نے مزید کہاکہ ’’مودی صاحب کو یقینا وہ سب کچھ ملے گا جو اُن کی قسمت میں ہے۔ مودی صاحب نے گجرات کو بہت زیادہ ترقی دی ہے‘‘۔ لیکن صحیفہ نگاروں نے اُن کے اِس جواب پر اطمینان کا اظہار نہیں کیا اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار پر اُن کی ترجیح کے بارے میں واضح بیان کے لئے سوپر اسٹار سے اصرار کرنے لگے۔ جس پر سلمان خان نے کہاکہ ’’میرا تعلق گجرات سے نہیں ہے۔
میں ممبئی کے باندرہ سے یہاں آیا ہوں۔ میرے لئے بہترین امیدوار بابا صدیق اور پریا دت ہیں۔ میرے اتفاق کرنے یا نہ کرنے کی کوئی زیادہ اہمیت نہیں ہے‘‘۔اُنھوں نے کہاکہ ’’آپ کے لئے مودی صاحب بہترین شخص ہیں لیکن میرے لئے بابا صدیق اور پریا دت ہیں۔ بہرحال بہترین شخص کو کامیابی حاصل ہوجائے‘‘۔ سلمان کے اِس جواب کے دوران ہجوم مودی مودی کے نعرے لگارہا تھا۔ سلمان خان نے کہاکہ ’’میں اُنھیں بہت زیادہ پسند کرتا ہوں وہ ایک اچھے آدمی ہیں، اُنھوں نے اپنی ریاست کے لئے بہت کچھ کیا ہے میں مودی صاحب کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔