’’بھوپال گیس المیہ میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا ‘‘

نیویارک ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سن 1984 کے بھوپال گیس سانحہ کے متاثرین کیلئے بڑے جھٹکے میں یہاں کی امریکی عدالت نے رولنگ دی ہیکہ یونین کاربائیڈ کارپوریشن (یو سی سی) کے خلاف کیمیکل پلانٹ سے زہرآلود مادوں کے اخراج کے سلسلہ میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا ہے۔ غیر سرکاری تنظیم ’ارتھ رائیٹس انٹرنیشنل‘ نے بھوپال کے مکینوں کی طرف سے نیویارک کے سدرن ڈسٹرکٹ میں ایک مقدمہ دائر کیا تھا اور کہا تھا کہ ان شہریوں کی زمینات اور ان کے زیراستعمال آنے والا پانی دونوں بھوپال پلانٹ کے زہریلے مادوں سے متاثر ہورہے ہیں۔ اس تنظیم نے کہا کہ عدالت کی رولنگ کے مطابق یونین کاربائیڈ کے خلاف مقدمہ دائر نہیں کیا جاسکتا حالانکہ یہ ثبوت دستیاب ہیکہ اس کمپنی کے ملازم کے زیرانتظام پلانٹ کی تعمیر ہوئی تھی۔ ارتھ رائیٹس نے اعتماد ظاہر کیا کہ یونین کاربائیڈ کے خلاف معقول ثبوت موجود ہے جو اس غلط عدالتی فیصلے کو کالعدم کرنے کا موجب بنے گا۔