جناب سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد 16 مارچ (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور معتمد عمومی ادارہ ادبیات
اُردو کی اطلاع کے بموجب قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان حکومت ہند کے تعاون سے چلائے جانے والے کورس 2 سالہ ڈپلوما برائے خطاطی و گرافک ڈیزائن کے طلباء و طالبات کے تیار کردہ فن پاروں کی نمائش کا افتتاح بروز پیر 17 مارچ 2014 ء 3 بجے سہ پہر بمقام ایوان اُردو میں جناب سید عمر جلیل اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کریں گے۔ یہ نمائش 17 مارچ سے ہر روز صبح 11 تا 4.30 بجے دن تک پرائمری و ہائی اسکول، جونیر کالج کے علاوہ یونیورسٹی اسکالرس، مدرسہ کے طلباء و طالبات اور باذوق خواتین و حضرات کے لئے کھلی رہے گی اور داخلے کی عام اجازت رہے گی۔ اس نمائش خطاطی میں مختلف وضع کے طغرے اور اشیاء پر قرآنی آیات، نعتیں، نظمیں، رباعیات، قطعات و اشعار کو مختلف خطوط میں جیسے خطِ نستعلیق، نسخ، ثلث دیوانی، رقعہ وغیرہ میں تحریر کئے گئے ہیں۔ طلباء کے تیار کردہ گرافکس ڈیزائن میں پنسل شیڈنگ، ملٹی کلرس کے طغروں کے ساتھ ساتھ انگریزی کیلی گرافی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سبھی اسکولس، کالجس و یونیورسٹیز دینی مدرسوں کو دعوت نامے روانہ کئے جاچکے ہیں تاکہ قبل ازوقت اطلاع کے ساتھ تشریف لاسکیں۔ اس نمائش کے مشاہدے کے لئے آنے والے طلباء کو عملی مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔ مزید معلومات کے لئے سنٹر انچارج و استاذ خطاط عبدالغفار سے فون نمبر 9391122286 پر ربط کریں۔