لندن۔ 12 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹریشنل کے مطابق امریکہ اپنی فوج کی وجہ سے افغان عام شہریوں کی ہلاکت کے واقعات کی تحقیقات اور اس میں ملوث اہلکاروں کو سزا دینے میں ناکام رہا ہے۔ایمنسٹی کی ایک نئی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان میں قابل ذکر جنگی جرائم کی تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کو سزا نہیں دی جا سکی۔اس رپورٹ میں امریکی افواج کی سال 2009ء اور 2013ء کے درمیان افغانستان میں فضائی کارروائیوں اور رات کو چھاپوں پر توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔ ایمنسٹی کی 84 صفحات پر مشتمل رپورٹ’ تاریکی میں چھوڑ دیا‘ پر نیٹو نے امریکی خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ہے کہ وہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس پر اپنا ردعمل دیں گے۔