’’اسرائیلی مظالم نے فلسطین کو بڑی جیل بنادیاہے ‘‘
انٹر نیشنل کانفرنس سے وزیراعظم فلسطین رمی الحمد للہ ‘ پولیٹکل کونسل کے چیرمین عبداللہ عبداللہ اور سید وقار الدین کا خطاب
حیدرآباد:22 / نومبر(پریس نوٹ) صدرنشین انڈو عرب لیگ و چیف ایڈیٹر’’ رہنمائے دکن ‘‘ جناب سید وقار الدین نے وفد کے دیگر ارکان نائب صدرنشین انڈو عرب لیگ ڈاکٹر میر اکبر علی خان ‘ سکریٹری جناب شیخ ابوبکر ‘ سابق رکن پارلیمان جناب سید عزیز پاشاہ ‘ مولانا سید شاہ مظہر حسینی صابری (جمعیت المشائخ)‘ جناب مقبول احمد (ریسرچ اسکالر)نمائندہ خصوصی ’’ رہنمائے دکن‘‘ جناب جمیل احمد خان اور پروفیسر پنیا کے ہمراہ وزیراعظم فلسطین مسٹر رمی الحمدللہ سے ملاقات کی اور ضیافت کے دوران سیر حاصل گفتگو کی ۔ وزیراعظم فلسطین نے ہی بین الاقوامی کانفرنس برائے متحدہ فلسطین کا افتتاح کیا جس میں 220 ممالک کے وفود نے شرکت کی ۔ وزیراعظم فلسطین مسٹر رمی الحمدللہ کانفرنس کے دوران کہاکہ اسرائیل کا جبر اب آسمان کو چھونے لگا ہے اس کی ڈوری عالمی برادری کے ہاتھ میں ہے لہذا عالمی برادری کوچاہئیے کہ وہ اسے قابو میں رکھے ۔ انہوں نے فلسطین کے کاز کیلئے انڈوعرب لیگ خاص کر صدرنشین جناب سید وقار الدین کی نمایاں خدمات کی زبردست تعریف کی اور کہاکہ سید جناب وقار الدین ہندوستان میں فلسطین کی آواز کی حیثیت رکھتے ہیں جو کئی دہوں سے مسلسل اس کاز کو اپنا مقصد بنائے ہوئے ہیں ۔جناب سید وقار الدین نے ضیافت کے دوران وزیراعظم فلسطین سے گفتگو کے بعد وفد کے دیگر ارکان کا ان سے فرداً فرداً تعارف کروایا۔ دریں اثناء گورنر اریحہ صوبہ مسٹر جمال الرجب نے جناب سید وقار الدین اور انڈو عرب لیگ کے وفد کو بتایا کہ یہودیوں کے ظلم و زیادتی کے باعث فلسطین آج دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ہوا ہے ۔ اسرائیل فلسطین کے ایک بڑے حصہ پر قابض ہے اور وہ اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ توسیع کرتا جارہا ہے ۔ جنرل ڈپارٹمنٹ میں جناب سید وقار الدین اور انڈو عرب لیگ کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسٹر جمال الرجب نے کہاکہ اب یہ اسرائیل کا معمول بن گیا ہے کہ وہ آئے دن فلسطینیو ںکے ان کے مکانوں سے بیدخل کرکے یہودیوںکو آبادکررہا ہے جس کی وجہ سے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کا وفد حالات کا مشاہدہ کرلیں تو پتہ چل جائے گا کہ کس قدر صیہونیوں کا ظلم و جبر بڑھ گیا ہے ۔ مسٹر جمال الرجب نے کہاکہ اسرائیل فلسطینی سرزمین پر کاشت کرتے ہوئے سالانہ 600 ملین ڈالرس کا سرقہ کررہا ہے اور ساری زرخیز زمین وہ آہستہ آہستہ ہتھیا رہا ہے ۔ جناب سید وقار الدین نے فلسطینی ڈپٹی گورنر و فلسطینی حکام کو بتایا کہ ہندوستانی عوام فلسطینیو ں کے دکھ درد کومحسوس کرتے ہیں ‘ ہندوستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے ۔ یہ بڑی تشویش کی بات ہے کہ بعض عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے جس کے باعث اسرائیل کے حوصلے بلند ہوگئے ۔ عرب ممالک میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے ہی فلسطین میں آج ایسے حالات ہیں ۔ جناب سید وقار الدین نے کہاکہ عرب ممالک فلسطینیوں کی مدد کی پالیسی سے غافل ہوتے جارہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایاکہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے دورہ کاایک ہی مقصد ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہاریگانگت کریں ۔ ہندوستانی نوجوان فلسطینیوں کیلئے اپنے دل میں تڑپ رکھتے ہیں ۔ جناب وقار الدین نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جاری جدوجہد میں فلسطین کامیاب ہوگا۔صیہونی مملکت کی پالیسیاں مستقبل میں اسے ہی نقصان سے دوچار کردیں گی۔ اسرائیل کا وجود اسی صدی میں ہوا ہے اور اسی صدی میں اس کا خاتمہ عمل میں آئے گا۔انہوں نے کہاکہ اس جنگ و جدال کے ماحول میں فلسطینی عوام کی دلیری ‘ بہادری و شجاعت مندی کو اللہ کی مدد حاصل ہوگی ‘ قبلہ اول کا مسئلہ نہ صرف فلسطین بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے ‘ ہم متحد ہوکر جدوجہد کریں تو انشاء اللہ کامیابی ہمیں ضرور ملے گی اور ہم سب قبلہ اول میں نماز ادا کرسکیں گے۔ جناب سید وقار الدین نے کہاکہ شہر حیدرآباد ہمیشہ فلسطین کے ساتھ رہا ہے اور ہر وقت فلسطین کی مدد کیلئے پیش پیش رہا ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ نظام کی حکومت نے قبلہ اول کی تزئین نو کیلئے سب سے زیادہ عطیہ دیا تھا ۔ 1936 میں مفتی اعظم فلسطین حیدرآباد تشریف لائے تو ہمارے خاندان کے مہمان رہے ۔ جناب وقار الدین نے کہاکہ ہم فلسطینی عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں ‘ انڈوعرب لیگ حیدرآباد فلسطینیوں سے جس قدر قریب ہے کسی اور ملک سے اس کی اتنی قربت نہیں ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد کا قیام 1967 ء میں مسجداقصیٰ پر اسرائیلی قبضہ کے بعد عمل میں آیا تھا ۔واضح رہے کہ جناب سید وقار الدین کل (ہفتہ کو) صدر فلسطین محمود عباس سے ملاقات کرکے مختلف امور بالخصوص فلسطین کے حالات پر بات چیت کے علاوہ اتوار کومسجد اقصیٰ کا دورہ کرینگے ۔ جناب وقار الدین کو اس موقع پر مکمل طور پر سرکاری سطح پر سیکوریٹی میں مزار تک لے جایا گیا جہاں انہوں نے یاسر عرفات مرحوم کی مزار پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر فلسطینی سیکوریٹی عہدیداران اور مزار پر موجود گارڈس نے صدرنشین انڈو عرب لیگ کو سلامی بھی پیش کی ۔ اس موقع پر فلسطینی عہدیداران بھی موجود تھے ۔ جس وقت انڈو عرب لیگ کا وفد یاسر عرفات مرحوم کو خراج پیش کررہا تھا اطراف زبردست سیکوریٹی انتظام کیا گیا تھا ۔ گنبد کے اطراف اسپیشل کمانڈوز تعینات تھے ۔ دریں اثناء چیرمین پولیٹکل کونسل فلسطینی اتھاریٹی مسٹر عبداللہ عبداللہ نے سرکاری دفتر میں جناب سید وقار الدین اور انڈو عرب لیگ کے وفد کو جس میں شامل ہیں مدعو کیا اور مختلف امور پر گفتگو کی ۔ جناب وقار الدین اور وفد کا استقبال کیا ۔ مسٹر عبداللہ عبداللہ نے بتایا کہ فلسطین کی تائید میں فرانس کی جانب سے اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ایک قرارداد منظور کی جانے والی ہے اگر امریکہ اس قرارداد کو ویٹو نہ کرے تو اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ قابض اسرائیل فلسطین کی زرخیز اراضی کو فوجی آپریشنس کیلئے استعمال کررہا ہے اور یہ اراضی وہ جبراً حاصل کرلیتا ہے اس طرح وہ فلسطین کی معیشت کو تباہ و ختم کررہا ہے ۔