سرمایہ کاری کے مواقع پر پاورپریزنٹیشن ، ڈیلاس میں وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔ 10 مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج حکومت تلنگانہ نے غیرمقیم ہندوستانیوں سے ’’میک اِن تلنگانہ‘‘ (Make in Telangana) میں برابر کے حصہ دار بننے کی اپیل کی۔ وہ آج ڈیلاس میں منعقدہ آئی ٹی سرو (IT Serve) پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے ڈیلاس میں مقیم غیرمقیم ہندوستانیوں بالخصوص تلنگانہ سے تعلق رکھنے والوں بشمول دیگر تلگو عوام سے مخاطب کیا۔ ڈیلاس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلے پائے جانے والے مواقع سے متعلق پاور پریزنٹیشن دیا اور اس موقع پر موجود مندوبین این آر آئیز سے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں صنعتیں قائم کرنے پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے بہترین سہولتیں مہیا کی جائیں گی بلکہ ہر طرح کی مدد و تعاون بھی کیا جائے گا۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج جنہوں نے اپنے دو ہفتہ طویل دورہ پر 5 مئی کو امریکہ کے دورہ پر گئے ہوئے ہیں۔ روزانہ اپنے مصروف ترین دن گذار رہے ہیں اور ہر روز کسی نہ کسی مقام پر غیرمقیم ہندوستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام و سرمایہ کاری سے دلچسپی پیدا کرنے اور ترغیب دینے کی ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے ٹی راما راؤ اپنے مزید ایک ہفتہ قیام امریکہ کے دوران مختلف مقامات کا دورہ کرکے غیرمقیم ہندوستانیوں سے ملاقات کریں گے اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرتے ہوئے مثبت نتائج کے ساتھ 16 یا 17 مئی کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔