نیروبی ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کینیا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے 90سال کی عمر میں اسکول میں داخلہ لے کر یہ ثابت کردیا کہ سیکھنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی۔ جی ہاں!یہ علم حاصل کرنے کی شوقین طالبہ 90 سال کی ہیں اور ان کے ہم جماعتوں میں ان کے 6 عدد پرپوتے اور پرپوتیاں بھی شامل ہیں۔ پریسلاا سٹینے نامی دادی اماں آج سے چار سال پہلے مادالت گاؤں کے ’’لیڈرز ویژن اسکول‘‘ میں داخل ہوئیں ۔ وہ گاؤں کی مقبول ترین شخصیت ہیں اور وہ نہایت معمر ہونے کے باوجود باقاعدگی سے اسکول پہنچتی ہیں۔ پریسلا دوسرے اسٹوڈنٹس کی طرح یونیفارم پہن کر اسکول آتی ہیں ، اور خود سے کئی گنا کم عمر بچوں کے ساتھ بیٹھ کر پڑھنے میں ذرا بھی نہیں شرماتیں۔