نئی دہلی۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ تاحال 71.24 کروڑ موبائل فونس اور تقریباً 82 کروڑ بینک کھاتے، 12 ہندسوں پر مبنی بایو میٹرک شناختی ضابطہ آدھار سے مربوط کیے جاچکے ہیں۔ مملکتی وزیر الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی روی شنکر پرساد نے کہا کہ ’’2005ء کے انسداد رقمی ہیر پھیر قواعد میں کی گئی ترمیمات کی بنیاد پر شخصی بینک کھاتوں کو آدھار سے مربوط کیا گیا ہے۔ موبائل نمبرس کو سپریم کورٹ احکام مورخہ 6 فبروری 2017ء کے مطابق آدھار سے مربوط کیا گیا ہے۔‘‘ پرساد نے مزید کہا کہ ’’ 8 ڈسمبر 2017ء تک 71.24 کروڑ موبائل نمبرس (جدید اور دوبارہ توثیق شدہ) اور 82 کروڑ بینک کھاتوں کو آدھار سے مربوط کیا جاچکا ہے۔ پرساد نے 2 ڈسمبر کو دیئے گئے ایک تحریری جواب میں کہا تھا کہ مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کی طرف سے موجودہ موبائل صارفین کی 31 مارچ 2018ء کی دوبارہ توثیق جاری رکھی جائے گی۔