۔500 روپئے سے زیادہ کی کرنسی نوٹ نہ ہو: لوکیش

۔2000 روپئے کی کرنسی نوٹ کو منسوخ کردینا چاہئے، آندھراپردیش کے وزیر کا بیان

حیدرآباد 21 اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و پنچایت راج ریاست آندھراپردیش مسٹر این لوکیش نے ملک میں گزشتہ عرصہ کے دوران متعارف کردہ نئی دو ہزار روپئے کی نوٹ کو منسوخ کردینے کا مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا تاکہ ملک کی تیز رفتار ترقی کو ممکن بنایا جاسکے۔ انھوں نے بتایا کہ ملک کی ترقی میں کرنسی نوٹوں کا بھی کافی اہم عمل دخل ہوتا ہے لہذا دو ہزار روپئے کی کرنسی نوٹ کو منسوخ کردیا جانا چاہئے اور ملک میں 500 روپئے سے زیادہ کی کرنسی نوٹ نہیں رکھنا چاہئے۔ اس تعلق سے ہمیں ایک واضح پالیسی بھی مرتب کرنی چاہئے۔ مسٹر لوکیش جنھوں نے آج آندھراپردیش سکریٹریٹ کے احاطہ میں آئی سی آئی سی آئی بینک کی برانچ کا افتتاح کیا تھا اور بعدازاں اظہار کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی۔ لوکیش نے مزید کہاکہ ملک میں بڑی کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرنے کے مطالبہ پر قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو سال 2012 ء سے ہی مسلسل جدوجہد کررہے ہیں اور اسی جدوجہد کے ایک حصہ کے طور پر نائیڈو نے ملک میں رائج ایک ہزار روپئے اور 500 روپئے کرنسی نوٹ کو منسوخ کروانے کی مسلسل کوشش کرتے رہے۔