طلباء طالبات داخلے کے لیے راغب ، مختصر مدتی کورسیس کی بھی سہولت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : طلباء اور طالبات اب بڑی تعداد میں 5 سالہ لا کورس کی طرف راغب ہورہے ہیں بیشتر طلبہ میڈیسن یا انجینئرنگ میں داخلے کے لیے کوشاں رہتے ہیں کیوں کہ ان پیشہ وارانہ کورسیس کے ذریعہ تابناک مستقبل یقینی سمجھا جاتا ہے ۔ اب لا کورس بھی طلباء وطالبات کے لیے پرکشش ثابت ہورہا ہے طلبہ 5 سالہ لا کورس میں داخلے میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں ۔ ہندوستان میں گذشتہ چند دہوں کے دوران پیشہ قانون میں غیر معمولی تبدیلیاں آئی ہیں اور لا کورس طلبہ کے لیے پرکشش بن گیا ہے ۔ اب لا طلبہ 3 سالہ کورس کی بجائے 5 سالہ کورس کی طرف راغب ہورہے ہیں جو 12 ویں کلاس پاس امیدواروں کے کیرئیر میں ایک اہم سنگ میل ہوگا ابتدائی سال سے ہی طلبہ میں پیشہ قانون کی خوبیاں پیدا کی جاتی ہیں ۔ 5 سالہ لا کورس سے طلبہ کو لیگل اسٹیڈیز کی مختلف برانچس میں ماہرانہ صلاحیت پیدا کرنے کا موقع ہے ۔ 12 ویں پاس ہونے کے بعد کوئی بھی طالب علم 5 سالہ بی اے ، ایل ایل بی کورس کرسکتا ہے رجسٹرار و پروفیسر انٹرنیشنل لا نلسار حیدرآباد ڈاکٹر وی بالکرشنا ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ کئی یونیورسٹیز نے اب 5 سالہ لا کورس پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ نیشنل لا یونیورسٹیز میں جن کی تعداد 17 ہے ۔ داخلے کے لیے ایک مرکزی ٹسٹ منعقد ہوگا ۔ حیدرآباد ہائی کورٹ کے ایڈوکیٹ معین الدین سید نے کہا کہ 5 سالہ لا کورس کے ذریعہ طلبہ کو موقع ہوگا کہ وہ دوسرے پروفیشنل کورس کی بہ نسبت تیزی سے پیشہ وارانہ منظر پر ابھر سکتے ہیں ۔ بی اے ایل ایل بی مکمل کرنے کے بعد تدریس سے دلچسپی ہونے کی صورت میں ایل ایل ایم میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ کارپوریٹ فرمس میں دلچسپی رکھنے والے ایم بی اے کرسکتے ہیں ۔ طلبہ بی اے ایل ایل بی پڑھتے ہوئے یا گریجویٹ ہونے کے بعد بھی بعض یونیورسٹیز کی طرف سے پڑھائے جانے والے مختصر مدتی کورس پڑھ سکتے ہیں ان میں ساپیرلا ، انٹلکچول پراپرٹی ، انسانی حقوق ، عالمی قوانین کورسیس شامل ہیں ۔۔