۔427بیرونی کھاتہ داروں کی شناخت، 250 کا اعتراف

نئی دہلی۔ 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بیرون ملک کے 427 کھاتہ داروں کی شناخت ہوچکی ہے اور ان میں سے 250 نے کھاتے رکھنے کا اعتراف کرلیا ہے، وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ انکشاف کرتے ہوئے ادعا کیا کہ حکومت بیرون ملک موجود غیرقانونی رقم کو واپس لانے کے لئے درست راہ پر گامزن ہے۔ راجیہ سبھا میں کالے دھن پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سرگرمی کے ساتھ اُن لوگوں کا تعاقب کرے گی جو کالا دھن رکھتے ہیں اور آخری کھاتہ کی شناخت ہوجانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بیرون ملک پوشیدہ کالے دھن کو واپس لانے کا جو طریقہ کار ہے اسے وقت لگے گا، انہوں نے یہ بات اپوزیشن کی تنقیدوں کے جواب میں کہی، جس نے غیرقانونی رقم کو اندرون 100 یوم واپس لانے سے متعلق بی جے پی قائدین کے انتخابی وعدے کی عدم تکمیل پر سوال اٹھائے ہیں۔ جیٹلی نے تاہم اپوزیشن کے وزیراعظم نریندر مودی پر اس حملے کا کوئی جواب نہیں دیا جس میں مودی نے مبینہ طور پر انتخابات سے قبل کے دنوں میں کہا تھا کہ اگر کالا دھن واپس آجاتا ہے تو ہر شخص کو 15-20 لاکھ روپئے حاصل ہوں گے۔ کانگریس، ترنمول کانگریس، جے ڈی (یو)، سماج وادی پارٹی، سی پی ایم کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا،

حالانکہ جیٹلی اپنا جواب ابھی ختم نہ کرپائے تھے۔ راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں ایوان میں منعقدہ مباحث کے دوران کانگریس نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے جھوٹ باتیں پھیلائیں اور قوم کو گمراہ کیا جس کے لئے حکومت کو معذرت خواہی کرنا چاہئے۔ حکومت کی جانب سے جاری اقدامات کی صراحت کرتے ہوئے جیٹلی نے 627 اکاؤنٹ ہولڈرس کی ایچ ایس بی سی فہرست کا ذکر کیا جو حکومت کو وصول ہوئی اور کہا کہ ان میں سے 427 کی شناخت کرلی گئی ہے نیز ان میں سے 250 نے اپنے کھاتوں کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت کا کام آسان تر بنادیا ہے۔ اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں وزیر فینانس نے کہا کہ ’’ہم نے 100 یوم میں اس سے کہیں زیادہ کردکھایا ہے جو دیگر حکومتوں نے کیا تھا‘‘۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ رازداری کا فقرہ بیرونی کھاتہ داروں کے ناموں کے انکشاف سے منع کرتا ہے تاوقتیکہ استغاثہ کسی قانون کی عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ شروع نہ کردے۔ جیٹلی نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں ایچ ایس بی سی فہرست میں شامل افراد کے ضمن میں مزید قانونی کارروائیاں شروع کی جائیں گی، جن پر شبہ ہے کہ وہ بیرون ملک غیرقانونی کھاتے رکھتے ہیں۔