۔36 اسمبلی حلقوں میں ووٹر لسٹ سے 24,20,224نام خارج

حیدرآباد 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) اسٹیٹ انچارج الیکشن اسپیشل آفیسر انوپ سنگھ نے بتایا کہ ریاست کے 36 اسمبلی حلقوں میں گھر گھر سروے کرنے کے بعد مختلف وجوہات کے باعث فہرست رائے دہندگان سے 24,20,224 ووٹ نکال دیئے گئے ہیں۔ 5,82,138 نئے رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انوپ سنگھ نے بتایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر تجربہ کے طور پر ریاست کے 36 اسمبلی حلقوں عادل آباد، کریم نگر، سنگاریڈی، پٹن چیرو، ملکاجگری، قطب اللہ پور، کوکٹ پلی، اپل، ایل بی نگر، مہیشورم، راجندر نگر، شیرلنگم پلی، مشیرآباد، ملک پیٹ، عنبرپیٹ، خیریت آباد، جوبلی ہلز، صنعت نگر، نامپلی، کاروان، گوشہ محل، چارمینار، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ، بہادر پورہ، سکندرآباد، سکندرآباد کنٹونمنٹ، محبوب نگر، نلگنڈہ، گھن پور اسٹیشن، پرکال، ورنگل (ایسٹ)، ورنگل (ویسٹ)، وردھنا پیٹ، کھمم، پلیر اسمبلی حلقوں کے گھر گھر میں سروے کیا گیا جس کے بعد مختلف وجوہات کے باعث فہرست رائے دہندگان سے 24 لاکھ 20 ہزار 224 ووٹوں کو خارج کردیا گیا۔ ساتھ ہی 5 لاکھ 82 ہزار 138 نئے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے گئے۔ 27 نومبر کو نئی فہرست پر مشتمل رائے دہندگان میں شامل کئے گئے۔ 27 نومبر کو نئی فہرست پر مشتمل ڈرافٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ اگر اس نئی فہرست پر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو وہ 31 ڈسمبر سے قبل اپنا اعتراض درج کراسکتے ہیں۔ آن لائن کے ذریعہ بھی فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام شامل کرسکتے ہیں۔