نیویارک 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد ڈاکٹر نے زمین سے 35000 فٹ بلندی پر پرواز کرنے والے پیرس تا نیویارک سفر کے دوران ایک خاتون کی زچگی میں مدد کی جس کو ایک صحتمند بچہ تولد ہوا۔ امریکی شہر کلیولینڈ کی کلینک گلکمین یورولوجیکل اینڈ کڈنی انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ 27 سالہ ڈاکٹر سج ہیمل ایر فرانس کے اس طیارہ میں عام مسافر کی حیثیت سے سفر کررہے تھے لیکن اُس وقت اچانک حرکت میں آگئے جب 41 سالہ خاتون اچانک درد زہ میں مبتلا ہوگئی اور طیارہ کے عملہ سے اعلان کیاکہ مسافرین میں اگر کوئی ڈاکٹر ہے تو زچگی میں مدد کے لئے آگے آئے۔ ڈاکٹر سچ ہیمل نے نئی دہلی سے سفرشروع کیا تھا اور پیرس میں توقف کے بعد نیویارک روانہ ہورہے تھے۔