تل ابیب ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج خصوصی خیرسگالی کے طور پر ایک اسرائیلی لڑکے موثے ہولٹزبرگ سے ملاقات کی جو اس وقت صرف دو سال کا تھا جب 2008ء کے ممبئی دہشت گرد حملے میں اپنے ماں باپ سے محروم ہوگیا تھا۔ موثے اب 11 سال کا ہوچکا ہے اور اپنے دادا دادی کے ساتھ اسرائیل میں مقیم ہے۔ موثے سے ملاقات کیلئے مودی کا فیصلہ اس خاندان کیلئے ایک جذباتی لمحہ تھا۔ مودی نے موثے کی ہندوستانی آیا سینڈرا سیمیولس سے بھی ملاقات کی۔ سینڈر، اس وقت موثے کو بچا کر ممبئی کے تاریخی ہاؤز سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی جب پاکستان میں سرگرم لشکرطیبہ کے دہشت گردوں نے یہودی عبادتگاہ کبد پر حملہ کردیا تھا جس میں موثے کے ماں باپ ہلاک ہوگئے تھے۔ ناریمن ہاؤز بھی ممبئی کے ان پانچ مقامات میں شامل تھے جنہیں دہشت گردوں نے نشانہ بنایا تھا۔ حکومت اسرائیل نے موثے کی ہندوستانی آیا سینڈرا کو 2010ء میں اپنے ملک کی اعزازی شہریت دی تھی۔ سینڈرا اب یروشلم میں ملازمت کرتی ہے اور ہر ہفتہ وار تعطیل کو موثے سے ملاقات کیلئے اس کے گھر آتی ہے۔ اب بھی اس سے بہت قریب رہتا ہے۔