کٹیہار ( بہار ) 25 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر این سی پی لیڈر طارق انور نے آج کہا کہ وزیر اعظم 2022 کے خواب بیچ رہے ہیں اور یہ فراموش کرچکے ہیں کہ انہیں 2019 میں انتخابات کا سامنا کرنا ہے ۔ طارق انور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے 2022 تک ایسے ہندوستان کی تعمیر کا ویژن پیش کیا ہے جو غربت ‘ کرپشن ‘ فرقہ واریت اور ذات پات سے پاک ہو۔ یہ ویژن این ڈی اے حکومت کی معیاد کے تین سال بعد کا ہے ۔ وزیر اعظم 2022 کے خواب بیچ رہے ہیں لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ 2019 ہی میں عوام نئی حکومت منتخب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام میں مقبولیت اور تائید سے محروم ہوچکی ہیں۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ریاست میں آئندہ ماہ ہونے والے تین نشستوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج بھی راجستھان کی طرح ہی ہونگے ۔