۔2019 میں اے پی میں بی جے پی کا اقتدار ہوگا : رام مادھو

گنٹور 26 مئی ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ آندھرا پردیش میں بی جے پی ‘ تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس کا متبادل بن کر ابھریگی پارٹی جنرل سکریٹری رام مادھو نے یہ یقین ظاہر کیا کہ پارٹی کو 2019 میں اے پی میں اقتدار حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ریاست میں نئی قیادت کو موقع دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ قیادت میں پارٹی کو دیہی علاقوں میں استحکام حاصل ہوا ہے اور اب نئے ریاستی صدر لکشمی نارائنا کی قیادت میں پارٹی کو نئی جہت ملے گی اور پارٹی مزید مستحکم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تقسیم ریاست کے وقت دئے گئے 85 فیصد تیقنات کو پورا کردیا ہے اور مابقی وعدوں کی بھی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت آندھرا پردیش میں ریلوے زون الاٹ کرنے کے عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں اپوزیشن جماعتوں کو وزیر اعظم کی مقبولیت کا خوف ہے اس لئے وہ ان کے خلاف متحد ہو رہی ہیں ۔