حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( آئی این این ) : اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود مسٹر سید عمر جلیل نے بتایا کہ حج 2013 کے موقع پر عازمین کی جانب سے ادا شدہ ایرپورٹ یوزرس چارجس کا 50 فیصد حصہ یعنی 74 لاکھ روپئے ریاستی حکومت ادا کرے گی ۔ انہوں نے حج ہاوز پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے گذشتہ سال وعدہ کیا تھا کہ ریاستی حکومت ایرپورٹ یوزر چارجس کا 50 فیصد برداشت کرے گی ۔ اس وعدہ کو پورا کرتے ہوئے چیف منسٹر نے فائیل کو منظوری دیدی جو اب فینانس ڈپارٹمنٹ میں زیر تصفیہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ رقم بہت جلد جاری کردی جائے گی اور حجاج کرام کے بینک اکاونٹس میں اسے جمع کرادیا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ ہر حاجی کو 1,910 روپئے ملیں گے ۔ حج ہاوز کی نئی عمارت کے بارے میں عمر جلیل نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ آئندہ ہفتہ ریاستی حکومت کو پیش کی جائے گی اور اس کی بنیاد پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہائوز کی عمارت کے تعلق سے رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ قبل ازیں انہوں نے آندھرا پردیش اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ urduacademyap.in کا افتتاح کیا ۔