۔160 نابالغ موت کے منتظر ایمنسٹی کی ایران کیخلاف توہین آمیز رپورٹ

اقوام متحدہ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی نئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران کی جیلوں میں 160 کم عمر بچے سزائے موت کا انتظار کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں اس امر کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے باور کرایا گیا ہے کہ ” درجنوں نوعمر نوجوانوں کے خلاف سزائے موت کے فیصلے سے ایران کی منافقت ظاہر ہوتی ہے”۔تنظیم کی سرکاری ویب سائٹ پر منگل کے روز جاری ہونے والی جامع رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ، درجنوں نوجوان اپنی سزائے موت پر عمل درآمد کے انتظار میں جیل میں سڑ رہے ہیں۔ ان جرائم کا ارتکاب نوعمری کے زمانے میں ہوا جب ان کی عمریں 18 برس سے کم تھیں۔یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ کسی بین الاقوامی تنظیم نے سزائے موت جاری رکھنے پر ایران پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، انسانی حقوق کی کونسل اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کئی مرتبہ مذمتی اور انتباہی بیانات جاری کیے جا چکے ہیں۔