نئی دہلی ۔ 14 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل یوم آزادی کے موقع پر توقع ہیکہ غیرمعمولی مالی شمولیت اسکیم کا اعلان کریں گے جس کے ذریعہ 15 کروڑ غریب عوام کو بنک اکاونٹس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس پر 5 ہزار روپئے کی اوور ڈرافٹ سہولت کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپئے کا حادثاتی انشورنس بھی فراہم کیا جائے گا۔ دو مرحلوں پر مشتمل اس مالی شمولیت مشن کو کابینہ نے منظوری دے دی ہے اور نریندر مودی جاریہ ماہ کے اواخر میں رسمی طور پر اس کا آغاز کریں گے۔ حکومت 28 یا 29 اگست کو ملک بھر میں اس اسکیم کو قابل عمل بنانے کی تیاری کررہی ہے۔ یہ اسکیم حکومت کی جانب سے ایک مشن کے طور پر شروع کی جائے گی تاکہ اگست 2018ء تک 7.5 کروڑ شناخت یافتہ مکانات کو دو اکاونٹس فراہم کئے جاسکیں۔
اس اسکیم کی نمایاں خصوصیت آدھار سے مربوط اکاونٹس کیلئے 5 ہزار روپئے کی اوور ڈرافٹ سہولت، ڈیبٹ کارڈ کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپئے حادثاتی انشورنس اور ان بزنس کرسپانڈنٹس کو ماہانہ کم از کم 5 ہزار روپئے مشاہرہ جو اکاونٹ ہولڈرس اور بنک کے درمیان آخری رابطہ فراہم کرتے ہوں، شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ اسکیم یو پی اے کے مالی شمولیت پروگرام کی مزید بہتر شکل ہے۔ اس سے پہلے اسکیم میں مکانات پر توجہ نہیں دی گئی تھی اور شہری علاقوں پر زیادہ زور بھی نہیں دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس نئی اسکیم کے ذریعہ تمام خامیوں کو دور کرلیا جائے گا اور اس پر ریاستی و ضلع سطح پر نظر رکھی جائے گی۔