حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ، اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ حیدرآباد و رنگا ریڈی کے ایک ہزار غریب افراد نے آٹو رکشا کی تقسیم سے متعلق اسکیم پر 15 ڈسمبر سے قبل عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مستحق درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا جائے گا ۔ اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے حکومت کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس آج حج ہاؤز میں منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ، جوائنٹ کمشنر ٹرانسپورٹ ، آر ٹی اے عہدیدار اور بینکرس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں درخواست کی جانچ کا جائزہ لیا گیا ۔ اس اسکیم کے تحت جملہ 2500 درخواستیں داخل کی گئیں ہیں اور ابتداء میں لائسنس یا عمر کی سنیاریٹی کے حساب سے مستحق افراد کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم اس سلسلہ میں بعض دشواریوں کو دیکھتے ہوئے قرعہ اندازی کے ذریعہ مستحق افراد کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عازمین حج کی قرعہ اندازی کی طرز پر اس اسکیم کی قرعہ اندازی ہوگی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویٹنگ لسٹ کے طور پر 100 افراد کو منتخب کیا جائے ۔ آر ٹی اے عہدیداروں نے لائسنس میں تاریخ پیدائش کے اعتبار سے درخواستوں کی جانچ میں بعض دشواریوں کا حوالہ دیا اور اس کیلئے مزید مہلت کی خواہش کی۔ آدھار کارڈ اور لائسنس میں امیدواروں کی تاریخ پیدائش مختلف پائی گئی جس سے سنیاریٹی کے انتخاب میں دشواری پیش آرہی ہے ۔ آر ٹی اے عہدیداروں کو اندرون ایک ہفتہ تمام درخواستوں کی جانچ مکمل کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی خواہش کی گئی جس کے بعد بینکرس سے یہ درخواستیں رجوع کی جائیں گی ۔ لیڈ بینک درخواستوں کے اعتبار سے مختلف بینکوں کو کوٹہ الاٹ کرے گا ۔ منتخب امیدوار کے رہائشی پتے کے اعتبار سے قریبی بینک کا انتخاب کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ بینکرس نے کم شرح سود پر قرض کی فراہمی سے اتفاق کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت آٹو کی مالیت کی 50 فیصد رقم اقلیتی فینانس کارپوریشن بطور سبسیڈی فراہم کرے گا جبکہ باقی 50 فیصد رقم بینک کی جانب سے منظور کی جائے گی۔ تاہم یہ رقم راست طور پر آٹو ڈیلر کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی اس اسکیم پر عمل آوری کردی جائے گی۔ تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق سے بچا جاسکے۔ حکومت شہر اور رنگا ریڈی میں اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے بعد دیگر اضلاع میں بھی اسکیم کو توسیع دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہر ضلع میں 500 افراد نے آٹو رکشا تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔