۔14 جولائی کو ملک گیر سطح پر لوک عدالت ، مقدمات کی یکسوئی

حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( این ایس ایس) : نیشنل لیگل سرویس اتھاریٹی کے زیر اہتمام 14 جولائی کو نیشنل لوک عدالت منعقد ہوگی ۔ اس موقع پر ملک بھر میں سپریم کورٹ سے لے کر تعلقہ سطح کے عدالتوں میں التواء کا شکار سیول اور کریمنل مقدمات کی یکسوئی کی جائے گی ۔ جس کی نگرانی کارگذار چیف جسٹس سرپرست اعلی و ایگزیکٹیو چیرمین کریں گے ۔ جب کہ تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویس اتھاریٹی کے زیر اہتمام 14 جولائی کو نیشنل لوک عدالت کے تحت ریاست گیر سطح پر تمام عدالتوں میں سیول اور کریمنل مقدمات کی یکسوئی کی جائے گی ۔ دوران مقدمات کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی جب کہ اس کے تمام اخراجات لوک عدالت ہی برداشت کرے گی ۔ عوام الناس سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ لوک عدالت سے استفادہ کرتے ہوئے مقدمات کی یکسوئی عمل میں لائیں ۔ خواہش مند افراد چیرمین / سکریٹری آف ڈسٹرکٹ لیگل سرویس اتھاریٹی ، نیایا سیواسدن سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔۔