ممبئی۔یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی ممبئی میں واقع پولیس کمشنر کے صدردفتر کی عمارت کو تقریباً 121 سال ہوچکے ہیں جوکہ اینگلو گوتھیک فن تعمیر کا بہترین نمونہ ہے ،جس کی تزئین ومرمت کاجلداز جلد شروع کردیا جائے گا۔مذکورہ عمارت پولیس کمشنر آفس کے نام سے مشہورہے اور مشہورکرافورڈ مارکیٹ کے مقابل واقع ہے ۔ واضح رہے کہ پولیس کمشنر یٹ کی عمارت کاتعمیراتی کام 17 نومبر 1894 میں برطانوی آرکیٹکٹ ،انجنیئر اور سرویورجان آڈمس کی نگرانی میں شروع کیا گیا اور 24دسمبر1896کو مکمل ہوا اور اس کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔اس شاندار عمارت میں جہانگیر بھروچہ،جولیو ربیرو،حسن غفور،ستیہ پال سنگھ ،سنجیو دیال نے خدمات انجام دیں اور موجودہ کمشنرپڈسالگیکر خدمت دے رہے ہیں۔ ایک اعلیٰ افسر کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ کی نگرانی میں ہونے والے مرمت کے کام پر 15کروڑروپے خرچ ہوں گے ۔