وزیراعظم کے تحفظات فیصد میں اضافہ سے انکار پر محمد علی شبیر کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے وزیراعظم کی جانب سے 50 فیصد سے زائد بڑھنے والے تحفظات کی تائید نہ کرنے کا اعلان کرنے کے بعد تلنگانہ کے مسلمانوں کو مزید دھوکہ دینے کے بجائے آئندہ تعلیمی سال سے مسلمانوں کو دئیے جانے والے 12 فیصد مسلم تحفظات پر واضح وضاحت کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا ۔ مقامی جماعت کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیا ۔ آج ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔ اس کی صداقت ہوگئی ہے ۔ گجرات میں بی جے پی کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کسی بھی ریاست میں تحففظات 50 فیصد کی حد پار کرتے ہیں تو اس کی کسی بھی قیمت پر تائید نہ کرنے کا کھلے عام اعلان کردیا ۔ نریندر مودی نے دستور ہند کے شیڈول 9 میں ترمیم نہ کرنے کے عزائم کا اعلان کرتے ہوئے یہ ثبوت پیش کردیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ 12 فیصد مسلم تحفظات اور 10 فیصد ایس ٹی تحفظات کے معاملے میں جھوٹ بولتے ہوئے مسلمانوں اور قبائلوں کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ اپنے حالیہ دورے حیدرآباد کے موقع پر مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے مسلم تحفظات کے معاملے میں مرکزی حکومت کے پالیسی کی جو وضاحت کی تھی وزیراعظم نریندر مودی نے اس کی تصدیق کردی ہے ۔ سب کچھ جان بوجھ کر صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں اور اپنے آپ کو اقلیتوں کے چمپئن قرار دینے والی حکومت کی حلیف مقامی جماعت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ایسا لگتا ہے مسلم تحفظات کے معاملے میں دونوں کے درمیان خفیہ ساز باز ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مقامی جماعت مسلمانوں کے تعلیمی اور روزگار سے متعلق تحفظات پر لب کشائی سے گریز کررہی ہے ۔ تحفظات کے کوٹہ میں توسیع سے متعلق دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس ، مسلمانوں ، قبائلوں اور کاپو طبقہ کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اسمبلی و کونسل میں مسلمانوں کو 12 فیصد اور قبائلی طبقہ کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی قرار داد پیش و منظور کرتے ہوئے سارے ملک کے عوام کو یہ تاثر دیا کہ انہوں نے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ لیکن اس کا نہ تو مسلمانوں کو کوئی فائدہ ہوا اور نہ ہی قبائلی طبقات کے تحفظات کوٹہ میں اضافہ ہوا ہے ۔ بلکہ اس کو سستی شہرت کا ذریعہ بنالیا گیا ہے ۔ وزیراعظم کی وضاحت کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ اپنی بند آنکھیں کھولیں اور آئندہ تعلیمی سال کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے 12 فیصد مسلم تحفظات اور 10 فیصد ایس ٹی تحفظات کس طرح عمل کریں گے اس کی وضاحت کریں ۔ بصورت دیگر ان وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے جس طرح مسلمانوں اور قبائلی طبقات نے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا وہی مسلمان اور قبائلی طبقات ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے میں سرگرم ہوجائیں گے ۔۔
اسکولی طلبہ کے لیے تلنگانہ نالج ٹسٹ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد / سکندرآباد اور تلنگانہ کے اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے تلنگانہ نالج ٹسٹ مختلف اسکولس میں رکھا جارہا ہے ۔ ہر طالب علم کو تلنگانہ کی جنرل نالج کتاب ، سرٹیفیکٹس اور میڈل دیا جائے گا ۔ اس کی معلومات کے لیے واٹس اپ کرتے ہوئے معلومات حاصل کریں ۔ فون 9700103742 ۔۔