۔
چیف منسٹر حلقہ اسمبلی گجویل میں افتتاح کرینگے ۔ انتظامات کو قطعیت دینے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد 21 جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے 15 اگست سے ریاست کے عوام کی آنکھوں کے مفت معائنہ پروگرام کو شروع کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ وہ خود اسمبلی حلقہ گجویل میں اس پروگرام میں حصہ لیں گے اور گورنر سے کسی ایک مقام پر حصہ لینے کی اپیل کریں گے ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے آنکھوں کے مفت چک اپ کا جائزہ لیا اور 15 اگست کو دوپہر 2 بجے پروگرام کا آغاز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی حلقہ گجویل میں اس پروگرام کا افتتاح کریں گے ۔ وہ گورنر نرسمہن سے بھی خواہش کریں گے کہ وہ بھی کسی ایک مقام پر اس پروگرام کا افتتاح کریں ۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام وزراء ، ارکان اسمبلی ارکان کونسل اور ارکان پارلیمنٹ کو اس پروگرام کا حصہ بنائیں ۔ ریاست کے ہر فرد کا مفت آنکھوں کا معائنہ کرائے ۔ ضرورت پڑنے پر آنکھوں کا مفت آپریشن ، عینک اور ادویات تقسیم کی جائیں ۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے ضرورت کے مطابق عملہ ، گاڑیاں ، ادویات کو تیار رکھنے کے احکامات جاری کئے ۔ ماضی میں کبھی نہیں کئے گئے اس طرح کے پروگرام کو ریکارڈ سطح پر ریاست بھر میں 3.70 کروڑ عوام کے آنکھوں کا مفت چیک اپ کرنے کے پروگرام کو چیلنج کے طور پر قبول کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس تاریخی پروگرام کی تیاریوں کا کلکٹرس کو عوامی منتخب نمائندوں کا اجلاس طلب کرکے جائزہ لینے کے ساتھ اضلاع سطح پر شیڈول تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ پروگرام کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ عہدیداروں نے مفت آنکھوں کے معائنہ کے تعلق سے چیف منسٹر کو واقف کراتے ہوئے کہا کہ 799 ٹیمیں تیار کی گئی ہیں ۔ ہر ایک ٹیم میں ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر ، آپتھومیٹرسٹ ، اے این ایم کے علاوہ دوسرے بھی شامل ہیں ۔ ایک ٹیم ایک دن میں کم از کم 250 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کرے گی ۔ آئی ڈراپس اور ادویات کو تیار رکھ لیا گیا ہے ۔ 35 لاکھ عینکوں کو اضلاع منتقل کیا جارہا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر آپریشن کرنے کے لیے ریاست کے 114 آنکھوں کے دواخانوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔