تقریب کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کی ہدایت ، چیف سکریٹری
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے 2 جون کو پریڈ گراونڈ پر منعقد ہونے والی یوم تاسیس تقریب کو بڑے پیمانے پر منانے کے انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ آج سکریٹریٹ میں ڈاکٹر ایس کے جوشی نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے یوم تاسیس تقریب کے انعقاد اور تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 2 جون کو چیف منسٹر کے سی آر پہلے گن پارک پر مجاہدین تلنگانہ کو خراج پیش کرنے کے بعد پریڈ گراونڈ پر قومی پرچم لہرائیں گے اور ریاست کے عوام سے خطاب کریں گے ۔ کلچرل ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مختلف شعبوں میں نمایاں خدمت انجام دینے والی شخصیتوں میں ایوارڈس تقسیم کریں گے ۔ ڈاکٹر جوشی نے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کرنے تقریب کے اختتام کے بعد گاڑیوں کو منظم طریقے سے روانہ کرنے اور الائیٹنگ ویک اپ پوائنٹس کے انتظامات کرنے کی محکمہ پولیس کو ہدایت دی ۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو تقریب کی راست ٹیلی کاسٹ ، ایل ای ڈی ٹی وی ، پی اے سسٹم کامنٹری اور میڈیا کوریج پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ یوم تاسیس کے موقع پر شہر کے اہم مقامات راج بھون ، اسمبلی ، سکریٹریٹ ، ہائی کورٹ اور چارمینار وغیرہ کو روشنیوں سے منور کرنے کی ہدایت دی ۔ پریڈ گراونڈ کے اطراف واکناف ٹریفک کے انتظامات ، پولیس بندوبست ، بلاوقفہ برقی کی سربراہی ، پینے کے پانی کی سربراہی ، ایمبولنس ، ڈاکٹرس کی ٹیم ، حصار بندی ، فائر انجن وغیرہ کے معقول انتظامات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں مختلف اسکولس کے 1000 طلبہ حصہ لیں گے ۔ سکریٹری محکمہ سیاحت بی وینکٹیشم نے بتایا کہ یوم تاسیس کے موقع پر محکمہ کلچرل کی جانب سے رویندرا بھارتی میں کلچرل پروگرامس کا اہتمام کیا جائے گا اور ساتھ ہی پیپلزپلازا پر تلنگانہ کے پکوان پر مشتمل فوڈ فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں حکومت کے چیف اسپیشل سکریٹری اجئے مشرا ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، چیف سکریٹریز ادرسنہا ، راجیو ترویدی ، سنیل شرما ، شیوشنکر ، جیش رنجن سکریٹریز بی وینکٹیشم ہیں ۔ ہرمہیش دت ایکا ، ایچ ایم ڈی اے کے کمشنر چرنجیولو ، کلکٹر حیدرآباد یوگیتا رانا ، ایڈیشنل ڈی جی پی تیج دیپ کور مینن ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار ، فائر سرویس ڈی جی گوپی کرشنا کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے ۔۔