یروشلم ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں یہودی آبادکاروں کے دھاوے اور مقدس مقام کی مجرمانہ بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز درجنوں یہودی آبادکاروں اور صیہونی ریاست کے انٹلیجنس عہدیداروں نے فول پروف سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ فلسطینی میڈیا نے فلسطینی محکمہ اوقاف کے عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ روز علی الصبح درجنوں یہودی آباد کار مراقشی دروازے کے راستے قبلہ اول میں داخل ہوئے اور حرم قدسی کی بے حرمتی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہودی آبادکار مسجد اقصیٰ میں مراقشی دروازے اور باب السلسلہ سے داخل ہوئے۔ اس موقع پر اسرائیلی انٹلیجنس عہدیداروں نے بھی مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ کے دروازوں کے باہر تعینات کی گئی اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ بدسلوکی اور ان کی شناختی پریڈ کے ساتھ انہیں قبلہ اول میں عبادت کیلئے داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔
اسرائیلی فوج کا فلسطینی طلباء کی پرامن احتجاجی ریالی پر حملہ ، کئی زخمی ، دواخانہ منتقل
جنین۔27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی طلباء کی ایک پرامن احتجاجی ریالی پر اندھادھند آنسو گیاس شیلنگ اور فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں درجنوں طلباء زخمی ہوگئے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے یعبد میں عزالدین القسام اسکول کے قریب فلسطینی طلباء کے ایک احتجاجی مظاہرے کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیاس کی شیلنگ کی۔ اس کے علاوہ قابض فوج نے نہتے طلباء پر راست فائرنگ کی اور ربڑ کی گولیوں سے بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد طلباء زخمی ہوگئے جبکہ کئی طلباء آنسو گیاس کی شیلنگ سے دَم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی فوج نے فلسطینی طلباء پر شیلنگ کی جس کے بعد مشتعل طلباء بھی صیہونی فوج پر جوابی سنگباری کی۔ فلسطینی طلباء اور قابض فوج کے درمیان کئی گھنٹے آنکھ مچولی جاری رہی۔