ملک کو مستحکم بنانے اور عوامی اتحاد میں مدد کا دعویٰ
کوچی۔3جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) سائرو مالابار چرچ نے جس کا کیتھولک طبقہ پر اثر و رسوخ ہے بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کی یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کی کوشش کی تائید کی ہے ۔ چرچ کا یہ موقف ہیکہ اس طرح کے نظام سے ملک کو مستحکم اور عوام کے مابین اتحاد میں مدد ملے گی ۔ سائرو مالا بار کیتھولک چرچ کے سربراہ کارڈنل جارج ایلن جری نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ ملک کو مستحکم بنانے میں مددگار ہوگا ۔ تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اسے تیار کرتے وقت حکام روایات اور طریقوں پر مبنی قوانین کے بارے میں غور کریں گے ۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ ہفتہ لاکمیشن کو یکساں سیول کوڈ پر عمل آوری کا جائزہ لینے کی ہدایت دی تھی ۔ ڈپارٹمنٹ آف لیگل افیرس نے اس مسئلہ پر کمیشن کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ یہ مسئلہ اس لئے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہیکہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں کہا تھا کہ وہ ’’ طلاق ثلاثہ‘‘ کے دستوری جواز پر کسی فیصلہ سے قبل عدالت میں اور اس کے باہر وسیع تر مباحث کو ترجیح دے گی ۔ طلاق ثلاثہ کے بارے میں یہ شکایات عام ہیں کہ مسلم مرد اس کا من مانی انداز میں استعمال کررہے ہیں اور وہ اپنی بیویوں کو یکطرفہ طور پر طلاق دے رہے ہیں ۔ یکساں سیول کوڈ کا نفاذ بی جے پی کے انتخابی منشور کا حصہ ہے لیکن این ڈی اے نے 1998ء اور 1999ء میں پھر نریندر مودی کی قیادت میں اقتدار پر آنے کے بعد متنازعہ مسائل کو پس پست ڈال دیا تھا ۔ بی جے پی یکساں سیول کوڈ کی حامی ہے اور اس کا کہنا ہیکہ دستور میں اس کا تذکرہ کئے جانے کے باوجود محض ووٹ بینک سیاست کی وجہ سے مخالفت کی جارہی ہے ۔