حیدرآباد۔20اپریل ( سیاست نیوز) مسٹر کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ نے قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی ایم منتخب ہونے پر مسٹر سیتارام یچوری کو مبارکباد پیش کی ۔ آج صبح مسٹر سیتارام یچوری سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے بات چیت کی اور ایک تلگو قائد کی اس اہم ترین عہدہ پر منتخب ہونے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور اپنی نیک خواہشات و تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوامی مسائل کی یکسوئی کے معاملہ میں کسی سمجھوتہ کے بغیر زبردست جدوجہد کرنے کا مسٹر سیتارام یچوری کو مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا کہ مسٹر سیتارام یچوری ایک سینئر قائد ہی نہیں بلکہ سی پی آئی ایم کے انتہائی مقبول ترین قائد تصور کئے جاتے ہیں ‘ جس کے باعث ہی سی پی آئی ایم کی وشاکھاپٹنم میں منعقدہ کانفرنس میں مسٹر سیتارام یچوری کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آنے پر پُرخلوص مبارکباد پیش کی ۔