وزارت داخلہ کو تشویش : راجناتھ سنگھ ، اکھلیش حکومت کو موثر اقدامات کا مشورہ :کانگریس
نئی دہلی۔16 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے واقعات کے پس منظر میں مرکزنے آج کہا کہ اُسے ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش ہے اور وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج دہلی پولیس ہیڈکوارٹر کادورہ کیا ۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ وزارت داخلہ کو اُترپردیش میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش ہے ۔ ہم اُترپردیش کی صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کرن رجیجو نے بھی اکھلیش حکومت کو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے سلسلے میں تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔ انھوں نے کہاکہ اسے یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ ہم کوئی سیاست کررہے ہیں کیونکہ اُترپردیش میں الگ پارٹی کی حکومت ہے ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت خواہ کسی کو ہو اور حکمراں جماعت خواہ بی جے پی یا کوئی اور سیاسی جماعت ہو ، ہر شخص کو اُس وقت فکر لاحق ہوگی جب لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر نہ ہو۔ سماج وادی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ انتظامی صلاحیتوں سے عاری حکومت کا حشر واضح ہے ۔ کانگریس کے سابق ایم پی راشد علوی نے کہا کہ ہمیں یو پی میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ حکومت کے پاس ابھی وقت ہے کہ وہ اس پر توجہ دے۔ انھوں نے کہا کہ یوپی میں جو ہورہا ہے وہ نامناسب ہے اور اس ضمن میں سخت کارروائی کی جانی چاہئے ۔ تاہم راشد علوی نے یہ واضح کیا کہ اُن کی پارٹی حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کررہی ہے ۔ وزیر داخلہ اور سیاسی جماعتوں کا یہ ردعمل حالیہ واقعات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے ۔ بدایوں میں دو کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی و قتل کے علاوہ کانسٹیبل کی ہلاکت اور ایک مزدور کو زندہ جلانے کے علاوہ غیرملکی خاتون سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔