یو پی میں دو مشتبہ پاکستانی فدائین دہشت گرد گرفتار

گورکھپور ۔27 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ نے گورکھپور میں ایک ریلوے اسٹیشن سے دو مشتبہ فدائین دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا پاکستان سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ اے ٹی ایس کے ذرائع نے کہا کہ دونوں دہشت گردوں کی اویس اور مرتضی کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور کل شام انہیں ریلوے اسٹیشن کے قریب گرفتار کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان کے قبضے سے دو اے کے 47 رائفلس ‘ پستولس اور دھماکو مادے اور کچھ دستاویزات بھی ضبط ہوئے ہیں۔ شبہ ہے کہ یہ دونوں پاکستان سے تعلق رکھنے والے فدائین ہیں۔

یہ دونوں نیپال میں سونولی سرحد سے ہندوستان میں داخل ہوئے تھے ۔ اے ٹی ایس کے عہدیدار ان دونوں سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیںتاکہ ان کے منصوبے معلوم کئے جاسکیں۔ آئی جی (لا اینڈ آرڈر) امریندر سنجر نے کہا کہ ان دونوں کو گورکھپور ریلوے اسٹیشن کے باہر گرفتار کیا گیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں طالبان کیمپ میں ٹریننگ حاصل کی تھی۔