پٹنہ : آر جے ڈی کے نوجوان لیڈر تیجسوی یادو کی جانب سے وزیر اعلی بہار نتیش کمار پر دئے گئے بیانات پر جے ڈی یو کے سینئر لیڈر کے سی تیاگی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔
کے سی تیاگی نے تیجسوی یادو پر شدید تنقید کرتے ہوئے جے ڈی یو کے مہاگھٹ بندھن میں شامل ہونے کے کسی بھی امکان کو مسترد کردیا ہے ۔جے ڈی یو کے لیڈر جے سی تیاگی نے سوال کیا کہ کیا نتیش کمار نے مہا گٹھ بندھن کے پیش رفت کی تھی ؟ تیجسوی کون ہوتے ہیں ؟ انہیں کیا حق پہنچتا ہے ؟ ان کی اوقات کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ یو پی اے او رمہا گٹھ بندھن کے لئے گلی کے لیڈروں کی ضرورت نہیں
۔تیاگی نے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔تیاگی نے نتیش کمار پر دئے گئے تیجسوی یادو کے بیان کو غیر مہذب بتایا او رکہا کہ تیجسوی یادو یو پی اے کے ایک چھوٹے سے محلے کے لیڈر ہے ۔تیاگی نے تیجسوی یادو سے کہا کہ ایسے جارحانہ بیانات دے کر ماحول کشیدہ کرنے کی کوشش نہ کریں ۔
انھوں نے کہا کہ لالو پرساد یادو کی خیر یت دریافت کرنے کے لئے نتیش کمار نے فون پر بات چیت کی ۔تیجسوی یادو اسے سیاسی رنگ دے رہے ہیں ۔و ہ کوئی ثبوت پیش کریں کہ نتیش کمار کی کوئی سیاسی بات چیت ہوئی ہے ۔تیاگی نے سخت الفاظ میں کہا کہ جس دن یو پی اے میںآنے کے لئے تیجسوی یادو کے پاس جاناپڑے گا وہ ہماری زندگی کا آخری دن ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ بہار این ڈی اے میں سب اچھا چل رہا ہے ۔
بہار میں این ڈی اے سب سے زیادہ نشستیں لے کر آئے گی ۔تیاگی نے تیجسوی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے جانشین اپنے بڑوں سے ایسا سلوک کررہے ہیں ۔ہم مہاگٹھ بندھن چھوڑچکے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلی نتیش کمار نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کو فون کرکے مزاج پرسی کی تھی ۔ لالو یادو کے فرزند تیجسوی یادو نے اس کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب مہا گٹھ بندھن میں چچا(نتیش کمار) کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔