یو پی انتخابی نتائج کا اثر  کئی قائدین بی جے پی سے ربط میں ‘ ڈاکٹر لکشمن

حیدرآباد 25 مارچ ( این ایس ایس ) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے آج انکشاف کیا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے دوسری جماعتوں کے کئی قائدین ان کی پارٹی سے رابطہ میں ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ان کی پارٹی 16 اپریل کو بوتھ سطح پر یوم تاسیس تقاریب منعقد کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے 30 مارچ کو ٹریننگ کلاسیس منعقد کی جائیں گی ۔ اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ تلنگانہ ریاست میں سیاسی خلا پیدا ہوگیا ہے ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ جہاں کہیں بی جے پی اقتدار میں نہیں ہے وہاں مرکزی اسکیمات کے ثمرات عوام تک نہیں پہونچ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ واضح کردیا کہ 2019 میںتلگودیشم پارٹی یا ٹی آر ایس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا جائیگا اور ان کی پارٹی اپنے بل پر انتخابات میں مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب پر ایک فیصلہ کو قطعیت دی جائیگی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر مذہب کے نام پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہیں امید ہے کہ سوامی پری پورنا نندا سیاست میں نہیں آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی یونٹ میں کوئی گروپس یا اختلافات بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی واحد جماعت ہے جو منڈل اور ضلع کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے اپنے پروگرامس منعقد کر رہی ہے ۔