یو اے ای میں سرجری کے بعد 8 سالہ بچی دوبارہ سماعت کے قابل

دوبئی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) یو اے ای میں ایک آٹھ سالہ ہندوستانی لڑکی جو پیدائشی طور پر سماعت سے محروم تھی، ایک پیوندکاری آپریشن کے بعد پہلی بار صوتی دنیا سے متعارف ہوئی۔ نافیہ نامی لڑکی کا آپریشن ہونے کے بعد اسے دو ہفتہ تک ڈاکٹروں نے آرام کرنے کا مشورہ دیا اور اس کی انتہائی نگہداشت کرتے رہے۔ دو ہفتوں بعد نافیہ دوبارہ ہاسپٹل سے رجوع ہوئی جہاں یونیورسٹی ہاسپٹل شارجہ کے سینئر آڈیولوجسٹ ڈاکٹر ایاز نے آپریشن کے بعد سماعت کے عمل کو ایکٹویٹ کردیا۔ دریں اثناء ای این ٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ احمد منظرالواہ نے بتایا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کو چلیر پیوند کاری تھی اور انشاء اللہ اس آپریشن کے کامیابی کے بعد مزید آپریشنس بھی کئے جائیں گے کیونکہ ایسے کئی بچے ہوتے ہیں جو پیدائشی طور پر قوت سماعت سے محروم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیوندکاری آپریشن پر 50,000 درہم کے مصارف ہوتے ہیں۔ بچوں کے علاوہ بالغوں کا بھی اس نوعیت کا آپریشن کیا جاسکتا ہے۔